عمران خان نے عوام کو خوابوں کے سوا کچھ نہیں دیا، ڈاکٹر معظم محمود

چیئرمین پاکستان امن لیگ کا کہنا ہے ماضی کے اور موجودہ حکمرانوں نے عوام کو خواب دکھانے کے سوا کچھ نہیں کیا جبکہ ہمیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

پاکستان امن لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر معظم محمود خان نیازی کا کہنا ہے عمران خان نے اپنے دور حکومت میں سوائے باتوں کے اور کچھ نہیں کیا جبکہ موجودہ حکمران بھی عوام کو خواب دکھا رہے ہیں۔

پاکستان امن لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر معظم محمود خان نیازی، شریک چیئرمین ڈاکٹر محمد احسان الحق نیازی اور امن لیگ کی سیکرٹری جنرل سلطانہ پروین نیازی نے نیوز 360  کے نمائندہ جاوید نورسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سابق حکومت نے باتوں کے سوا کچھ نہیں کیا،نعروں اور وعدوں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا۔تحریک انصاف کی سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب مہنگائی کا طوفان آیا اور عوام کے چولہے بجھ گئے۔

یہ بھی پڑھیے

رہنما (ن) لیگ حنا پرویز بٹ ٹوئٹر پر لوگوں کو تشدد پر اکسانے لگیں

پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی پیروی کی تو مریم بی بی کو مسئلہ ہوگیا

نیازی برادران کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں کئی ایسے لیڈر بھی ہیں جنہیں اردو تک ٹھیک سے نہیں آتی اور وہ چلے ہیں عوام کی قیادت کرنے۔

موجودہ حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے نیازی برادران کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اپنے مفاد کی سیاست کر رہی ہیں، انہیں عوام کا کوئی خیال نہیں۔جن لوگوں پر اربوں روپے کی بدعنوانی کا الزام ہے اور جنہیں سزائے ہو چکی ہیں انہیں اقتدار کیوں سونپ دیا جاتا ہے، سمجھ نہیں آتی،ان کے کیس بھی راتوں رات ختم ہو جاتے ہیں،آخر ان کی شخصیت میں ایسی کون سی کشش ہے یا انہیں کون سے سرخاب کے پر لگے ہوئےہیں کہ انہیں بار بار اقتدار کی مسند پر بٹھا دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کےاور موجودہ حکمرانوں نے عوام کو خواب دکھانے کے سوا کچھ نہیں کیا جبکہ ہمیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ہمیں موقع دیں تو ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کر دیں گے۔

معظم محمود خان نیازی نے کہا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے چار حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے  جب کہ میانوالی کے آبائی حلقے سے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے اور تحریک انصاف کے سربراہ کو عبرتناک شکست دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم  اور ان کے بھائی پاکستان امن لیگ کے شریک چیئرمین ڈاکٹر احسان الحق نیازی صدارتی امید وار ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کی خدمت کا جذبہ انہیں سیاست کے شعبے میں لے آیا،وہ عوام کو جدید فارمولے کے تحت شمسی توانائی سے تیار کی گئی چینی اور پٹرول مفت فراہم کریں گے۔اس طرح مہنگائی کا خاتمہ ہوجائے گا۔نیازی برادران کا کہنا تھا کہ جدید فارمولے اور شمسی توانائی سے تیارکردہ پیٹرول اور چینی  برآمد کرکے ملک کو اربوں روپے کا زرمبادلہ بھی حاصل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر 90 سے 95 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں تو 22 کروڑ عوام کو محض 50 پیسے فی لیٹر یا مفت پیٹرول فراہم کرنا ممکن ہے۔افسوس حکومت اربوں ڈالرز پٹرول کی درآمد پر خرچ کر دیتی ہے مگر پٹرول کی تیاری کے لیے فنڈز فراہم نہیں کرتی۔

نیازی برادران کا کہنا تھا کہ عوام نے تمام جماعتوں کو آزما کر دیکھ لیا مگر ملک کے مسائل حل نہیں ہوئے، پاکستان امن لیگ برسراقتدار آئی تو عوام کو 1960 کے ریٹ پر اشیاء خورونوش ملیں گی۔ ہم پاکستان کی قسمت بدل کر رکھ دیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد بڑے شہروں میں جلسوں کا آغاز کریں گے جس کی ابتدا مینار پاکستان لاہور سے ہوگی ،اگلا بڑا جلسہ کراچی میں مزار قائد پر منعقد کیا جائے گا۔ہم عوام کو جھوٹے خواب دکھانے اور بیوقوف بنانے والی جماعتوں کی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔

نیازی برادران کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے باتوں کے سوا عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ،پاکستان امن لیگ کے منشور میں اولڈ ہاؤسز اور شیلٹر ہومز کے قیام کا تذکرہ تھا ہم نے اعلان کیا تھا کہ شیلٹر ہومز میں غریبوں اور معذوروں کو رہائش اور کھانا مفت فراہم کیا جائے گا ،عمران خان نے ہمارے منشور کو فالو کیا مگر وہ اس پر پوری طرح عمل درآمد نہیں کر سکے،انہوں نے چند شہروں میں  گنتی کےشیلٹر ہومز بنائے مگر سہولیات نہ دے سکے۔ہم برسراقتدار آکر عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کریں گے

عوام کو ماسٹرز تک مفت تعلیم کے علاوہ طلباء کو مفت یونیفارم اور کتابیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ہم شہریوں کو ایک ہزار روپے فی کس وظیفہ دیں گے تاکہ چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہو سکے۔

نیازی برادران نے مزید کیا کہا تفصیلات نمائندہ نیوز360 جاوید نور  کی جانب سے کیے گئے انٹرویو میں ملاحظہ کریں۔

متعلقہ تحاریر