عید پر متوقع رش: مری میں خصوصی انتظامات،ٹورازم پولیس قائم کردی گئی

عید پر معروف سیاحتی مقام مری میں سیاحوں کے رش سے نمٹنے، انہیں سہولیات کی فراہمی، تحفظ اور ماضی کے ناخوش گوار واقعات سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے مرد اور خواتین اہلکاروں پر مشتمل مری ٹورازم پولیس قائم کردی گئی جس میں موٹر سائیکل اور گھڑ سوار دستے بھی شامل ہیں۔

راولپنڈی پولیس کے آر پی او اشفاق احمد خان اور سی پی او عمر سعید ملک نے لوئر ٹوپہ کے مقام پر مری ٹورازم پولیس کا افتتاح کیا۔

ان کا اس موقع پر خطاب میں کہنا تھاکہ عید کی چھٹیوں اور لانگ ویک اینڈ کے موقع پر سیاحوں کی سہولت کے لیے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے جبکہ شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت اور خدمت کے لیے تھانہ پتریاٹہ اور تھانہ پھگواڑی بھی آج سے فنکشنل کر دیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری پر اسلام آباد کے ہوٹل میں حملہ

پی ایف یو جے’ کی آفیشل ویب سائٹ متعارف’

ان کا کہنا تھا کہ مری ٹورازم پولیس کے لیے خصوصی طور  پر تربیت یافتہ  فورس تعینات کی گئی ہے جس میں مرد اور خواتین افسران و اہلکار شامل ہیں۔اس  فورس کی خدمات24 گھنٹے دستیاب ہوں گی۔

 اس میں ابتدائی طور پر 150 پولیس افسران و اہلکار ، ایک خصوصی ٹورسٹ وین، 03 خصوصی طور پر تیار گاڑیاں، 25 موٹر سائیکلز اور گھڑ سوار دستہ شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا تھاکہ سیاحوں کی حفاظت اور سہولت  کی فراہمی راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

مری آنے والے سیاح راہنمائی ہا ایمرجنسی کی صورت میں مری ٹورازم پولیس ہیلپ لائن 1757 پر کال کرسکتے ہیں۔

سیاحوں کی آگاہی اور راہنمائی کے لیے خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی۔

سی پی او راولپنڈی کا کہنا تھاکہ چھٹیوں میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور گنجائش سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر