جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ، طلباء میں دینی بیداری کیلئے موٹیویشنل سیشن کا انعقاد

طلباء میڈیکل کی تعلیم کیساتھ ساتھ اپنی زندگی دین اسلام کے سانچہ میں بھی ڈھالیں، رسولﷺ کی سنت اپنائیں ، وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء میں دینی بیداری کے لیےموٹیویشنل سیشن کا انعقاد کیاگیا جس کا عنوان’’بحران میں کھوئی ایک نسل‘‘ تھا۔

سیشن میں شرکت کیلئے طلبا کی کثیر تعداد نے رجسٹریشن کروائی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی و موٹیویشنل اسپیکر راجہ ضیاء الحق کا کہناتھاکہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بہترین دور اسلامی خلافت کا رہا اس دور میں نہ صرف مسلمان بلکہ غیر مسلم بھی خوشحال تھے۔

راجہ ضیاالحق کا کہنا تھا جبکہ آج کا دور مغرب کے زیر اثر ہے اور اس دور میں مسلمان زوال کا شکار ہیں، گزشتہ برسوں میں دینی و روحانی تعلیم سے دوری اور بڑھتے ہوئے مغربی اثر و رسوخ نے ہمارے ملک کے نوجوانوں کو بدحالی کی طرف دھکیل دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لہٰذا نوجوانوں کو دین سے جڑنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ حقیقی ترقی کی منازل طے کر سکیں۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجدسراج میمن نے سیشن کےانعقاد کو سراہتے ہوئے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ میڈیکل کی تعلیم کیساتھ ساتھ اپنی زندگی دین اسلام کے سانچہ میں بھی ڈھالیں، رسولﷺ کی سنت اپنائیں اور اپنی ثقافتی اقدار کی قدر کریں۔

سیشن کے اختتام پر کمیونٹی میڈیسن کے سربراہ و ایسوسی ایٹ پروفیسر سید تفضل حیدر زیدی نے مہمان خصوصی اور شرکاءکا شکریہ ادا کیا جبکہ اس سیشن کا انعقاد جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی چیف کلینکل کو آرڈی نیٹر اورجنرل سرجری کی اسسٹنٹ پروفیسر سیدہ زرین رضا اوراسٹوڈنٹ کونسل کی فیتھ سوسائٹی کی کوششوں سے کیاگیا تھا۔

متعلقہ تحاریر