ہارر فلمیں دیکھنے پر امریکی کمپنی کا 1300 ڈالر دینے کا اعلان

تجربے کے ذریعے فلم کے بجٹ اور خوفناک مناظر کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا جائے گا

امریکی کمپنی نے ہارر فلمیں دیکھنے پر 1300 ڈالر کا انعام مقرر کردیا۔ امریکی کمپنی فائنانس بز نے اعلان کیا ہے کہ فلموں سے شغف رکھنے والا جو شہری ان کی زیرنگرانی 13 ہارر فلمیں دیکھے گا تو اسے 1300 ڈالر کا انعام دیا جائے گا جس کی پاکستانی روپے میں مالیت 2 لاکھ 18 ہزار بنتی ہے۔

یہ ایک میڈیا کمپنی ہے جوعام شہریوں کو مالیاتی امور سے متعلق مشورے دیتی ہے اور اس بارے میں اپنی ویب سائٹ پر رپورٹس بھی شائع کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ارمینا خان کی شارٹ فلم گولڈ مووی ایوارڈ کے لیے نامزد

ہارر فلموں میں ناظرین کو خوفزدہ کرنے کیلیے آوازوں اور مناظر پر خصوصی کام کیا جاتا ہے اور اس کیلیے کروڑوں کا بجٹ مختص ہوتا ہے لیکن بعض فلمی شائقین اتنے مضبوط دل گردے کے مالک ہوتے ہیں کہ وہ ٹی وی اسکرین پر نہایت خوفناک مناظر سے بھی نہیں ڈرتے۔

اس تجربے کے ذریعے کمپنی یہ جاننا چاہتی ہے کہ کم اور زیادہ بجٹ والی ہارر فلمیں ناظرین کو کس حد تک خوفزدہ کرتی ہیں۔ یعنی کسی ہارر فلم پر آنے والی لاگت اور اس کے ’’خوفناک‘‘ ہونے میں کوئی تعلق ہے یا نہیں؟

اس مقصد کےلیے کسی ایک شخص کو منتخب کیا جائے گا جس پر دل کی دھڑکنوں پر نظر رکھنے والا ’’فٹ بِٹ‘‘ آلہ نصب کیا جائے گا، الے کی تنصیب کے بعد اسے گھر پر اکیلے 13 ہارر فلمیں دیکھنا ہوں گی۔

کمپنی کی ویب سائٹ پر رواں سال 26 ستمبر تک رجسٹریشن کی جائے گی جبکہ اس دلچسپ مقابلے میں جیتنے والے فرد کا اعلان یکم اکتوبر کو کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر