پراعتماد پاکستان خطرناک افغانستان کے خلاف ہیٹرک کے لیے پر امید
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان اور افغانستان آج مدمقابل ہوں گے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سپر 12 کے اہم ترین میچ میں پاکستانی ٹیم آج افغانستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیمیں اپنے گروپ میں اب تک ناقابل شکست ہیں۔
دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے سپر 12 مرحلے کے اپنے تیسرے میچ میں پاکستانی ٹیم افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل پر نظریں جمائے بیٹھی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
آسٹریلیا بمقابلہ سری لنکا: کینگروز 7 وکٹ سے فتحیاب
پاکستان بمقابلہ افغانستان ، قومی ٹیم کو پروفیشنل کھیل پیش کرنا ہوگا
خلیجی ممالک میں رہنے والے اور کام کرنے والے دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں میگا ایونٹ کا میچ دیکھنے کےلیے اسٹیڈیم میں آئیں گے۔ افغانستان کے کپتان راشد خان نے شائقین سے پُرسکون رہنے کی اپیل کی ہے کیونکہ دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہوگی۔
ابتدائی دو جیت کے ساتھ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات زیادہ روشن ہیں۔ تاہم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حالات اور افغانستان کی اب تک کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے افغانستان کو بھی خطرناک سائیڈ تصور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
ٹورنامنٹ میں افغانستان ایک خطرناک ٹیم بن کر ابھری ہے کیونکہ اپنے وارم اپ میچ میں اس نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو باآسانی شکست دی تھی۔ انہوں نے گروپ ٹو کے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 130 رنز کے بڑے مارجن سے بھی پچھاڑا تھا۔
بولنگ میں راشد خان اور مجیب الرحمان مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو ٹف ٹائم دیں گے جب کہ حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد اور اصغر افغان بیٹنگ پرفارمنس کے حوالے سے اچھی فارم میں ہیں۔
گرین شرٹس نے بھی بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کر لی ہے۔ ان کے گیند باز اور بلے باز دونوں اچھی فارم میں ہیں۔ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں لیکن افغان ٹیم کو اب کمزور حریف نہیں کہا جا سکتا۔ جب بھی یہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوتی ہیں تو ایک دلچسپ میچ کا یقینی نتیجہ نکلتا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2019 میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز میچ کھیلا گیا۔ پاکستان نے اس میچ میں افغانستان کے خلاف تین وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔