5اگست کا یکطرفہ اقدام کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہے، شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ کا کہنا ہے مقبوضہ کشمیر میں نوجوان کا قتل عام اور خواتین کی عصمت دری بھارتی فورسز کا روز کا معمول بن چکا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی اقدامات مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے اور نہ ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کو ختم کر سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف الدویے سے ملاقات کے دوران کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری، غیر قانونی اقدامات، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ہندوستان کا مقصد محض مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اسلام آباد میں ایمرجنسی سروسز کے لیے 911 نمبر فعال
سپریم کورٹ کے حکم پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری
وزیر خارجہ نے نمائندہ خصوصی کو بتایا کہ ہندوستان مقامی افراد کو بے دخل کر کے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے اقدامات پر عمل پیرا ہے۔مقبوضہ وادی میں بھارت کی جانب سے جاری، غیر قانونی اقدامات، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کا مقصد محض مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنا ہے۔
کرونا وبا کے باعث مظلوم کشمیریوں کو دہرے لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل، بلاجواز گرفتاریاں، خواتین کی عصمت دری، جبرو استبداد،روزانہ کا معمول بن چکا ہے، بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے باعث کشمیریوں کو ناقابلِ تلافی معاشی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر، اپنے حالیہ دورہ نیویارک کے دوران، انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور ہمارے خطے میں ہندوستان کے منفی کردار کی طرف خصوصی توجہ مبذول کروائی۔12 ستمبر 2021 کو حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ڈوزیئر میں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے جنگی جرائم کی مکمل تفصیلات درج ہیں۔
پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے، او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر، یوسف الدوبے نے وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے او آئی سی کے نمائندہ ء خصوصی برائے جموں و کشمیر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔