وزیراعلیٰ کے پی کے کا بدعنوان عناصر کے خلاف فوری ایکشن کا عندیہ

محمود خان نے مالی بےضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کو ایک ہفتے میں عہدوں سے ہٹانے کی ڈیڈ لائن دے دی۔

وزیر اعلی محمود خان نے سرکاری محکموں میں نچلی سطح پر بدعنوانیوں کی شکایت کا فوری نوٹس لینے اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا ہے

صوبے میں بدعنوانی کے خاتمے اور گورننس کی بہتری کے لئے وزیراعلیٰ کے پی کے نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ محمود خان کی زیر صدارت مختلف صوبائی محکموں کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ صوبائی وزراء اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی.

یہ بھی پڑھیے

انتخابات ترمیمی بل 2021 منظور،اپوزیشن کے 16ارکان غائب

حزب اختلاف کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

وزیر اعلیٰ نے گورننس کی موجودہ صورتحال خصوصاً ضم اضلاع کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کو مبینہ طور پر بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں میں ملوث سرکاری افسران اور اہلکاروں کی لسٹیں فوری مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان نے مالی بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے کے لئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے جبکہ منفی شہرت کے حامل تمام ضلعی سربراہان اور دیگر تمام اہلکاروں کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے زیرصدارت اجلاس میں مبینہ طور پر بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لئے خفیہ اداروں سے معلومات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری محکموں میں بدعنوان عناصر کو ملازمتوں سے فی الفور فارع کرنے کے لئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کی ترجیحات

1: وزیر اعلیٰ محمود خان نے بدعنوان عناصر کے خلاف کاروائی کے لئے متعلقہ وزراء اور سیکرٹریز کو مکمل اختیار دے دیا۔

2: بدعنوانی یں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی نہ ہونے کی صورت متعلقہ سیکرٹریز کو فارغ کردیا جائے گا، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سیاسی اثرورسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے گا۔

3: وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر قسم کا دباؤ میں خود برداشت کروں گا، سیکرٹریز اپنے محکموں کے معاملات کو ٹھیک  کریں ،اگلے دو مہینوں میں ضم اضلاع سمیت پورے صوبے میں گورننس کے مجموعی صورتحال میں واضح بہتری آنی چاہیے۔

4: محمود خان نے کہا کہ ایک ہی عہدے پر دو سالوں سے زائد براجمان سیکشن آفیسرز سمیت دیگر ماتحت اہلکاروں کا فوری تبادلہ کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ ورکس ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان تعمیراتی منصوبوں پر کام کے معیار کو ہر لحاظ سے یقینی بنائیں۔ گڈ گورننس اور بدعنوانی کا خاتمہ ہماری حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

متعلقہ تحاریر