وزیراعظم عمران خان خاتون پر تشدد کا نوٹس لیں، مایا علی
اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کی اور کراچی کی عدالت میں خاتون پر وکلا کے تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ مایا علی نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری میں کراچی کی عدالت میں خاتون سے مار پیٹ کرنے کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
مایا علی نے لکھا ہے کہ ابھی ابھی سوشل میڈیا پر ایک بہت پریشان کن ویڈیو دیکھی جس میں ذہنی مریض، ان پڑھ یا میں یہ کہوں کہ پڑھے لکھے جانور جو کہ خود کو وکیل کہتے ہیں ایک خاتون کو برے طریقے سے مار رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
تحریک انصاف کی رہنما لیلیٰ پروین پر ملیر کورٹ میں وکلا کا بہیمانہ تشدد
قصور میں زیرحراست ملزمہ پر تشدد، سب انسپیکٹر اور لیڈی کانسٹیبل فارغ
انہوں نے لکھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ یہ جابرانہ تشدد دیکھنے کے بعد مجھ پر کیا گزری، کیا وکلا انصاف کے لیے لڑنے اور لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے نہیں ہوتے؟
مایا علی کا کہنا تھا کہ میں عزت مآب حکومتِ پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان سے درخواست کرتی ہوں کہ ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کا قانونی لائسنس منسوخ کر دیا جائے اور انہیں سخت ترین سزا دی جائے تا کہ یہ کبھی خواب میں بھی ایسا کرنے کا نہ سوچیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ملیر کی عدالت میں وکیل کو فیس ادائیگی کے لیے دیا گیا چیک باؤنس ہونے پر مذکورہ وکیل نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اپنی موکل خاتون پر عدالتی احاطے میں بہیمانہ تشدد کیا تھا۔