سوئی ناردرن نے  گیس کا بے جا استعمال روکنے کیلیے مضحکہ خیز اشتہار بناڈالا

سوئی ناردرن نے  گیس کا بے جا استعمال روکنے کیلیے مضحکہ خیز اشتہار بناڈالا،ادارے نے صارفین  کو گیس کے بجائے بجلی کے گیزر استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیدیا۔اشتہار کو ”سردی آگئی ہے خیال رکھنا“ کا عنوان دیا گیا ہے۔ 

سوئی ناردرن گیس کمپنی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کیے گئے اشتہار ایک گھر کا منظر دکھایا گیا  ہے۔گھر کے صحن میں  ایک صاحب  سکتے کی حالت میں ہکا بکا  بیٹھے ہیں جبکہ ان کی پریشان اہلیہ اور والدہ  ڈاکٹر  کو ان کی کیفیت سے آگاہ کررہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

گیس بحران پر وزارت توانائی نے کراچی والوں سے معافی مانگ لی

شہباز گل کا گیس بحران پر شاہزیب خانزادہ کو کھلا چیلنج

ڈاکٹر  استفسار کرتے ہیں کہ  آخری  بار کیا بولے تھے جس پر اہلیہ بتاتی ہےکہ بس ایک آواز آئی تھی۔ جس کے بعد صاحب خانہ کو چیخ مارتے دکھایا جاتا ہے۔ڈاکٹر صاحب متاثرہ فرد کے سامنے پڑا بل اٹھاتے ہیں  اور کہتے ہیں کہ اسے لاپروائی کا شاک لگا ہے۔اس موقع پر  صحن میں بیٹھی بزرگ خاتون بہو کو کوسنے لگتی ہیں کہ  یہ لڑکی تو ہے ہی لاپرواہ جس پر ڈاکٹر صاحب کہتے ہیں کہ اسے گیس کی لاپروائی کا شاک لگا ہے۔

اشتہار میں بتایا گیا کہ سردیوں کے موسم میں گیس کا مسلسل استعمال بل کو تیسرے سلیب میں 3گنا اور چھٹے سلیب میں 18ہزار تک پہنچادیتا ہے۔اشتہار میں صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ  گیس کے غیر ضروری آلات بند کردیں ،سردی لگے تو گرم کپڑے پہنیں ،سردی کے موسم میں بجلی پر دی گئی رعایت کا فائدہ اٹھائیں اور مضر صحت گیس ہیٹر کے بجائے بجلی کا ہیٹر استعمال کریں  اور صرف گیس سیور ڈیوائس کے حامل گیزر کا استعمال کریں اور موبائل فون سے گیزر کنٹرول کرنےوالی ڈیوائس لگوائیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے سوئی نادرن کے اس اشتہار پر کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ایک صارف نے کہا کہ سردی کے موسم میں گھبرانا بھی نہیں ہےجبکہ ایک اور صارف نے طنز کیا کہ بجلی بھی تو گیس سےہی بنتی ہے۔

متعلقہ تحاریر