مری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلیے شٹل سروس شروع
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر 10 کوسٹر بسیں دوپہر سے چلائی جا رہی ہیں، تمام سیاحوں کو محفوظ جگہ پر پہنچانے تک سروس جاری رہے گی۔
ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے مری میں پھنسے سیاحوں کے لئے شٹل بس سروس شروع کر دی، سیکرٹری آر ٹی اے راشد علی کے مطابق بس سروس لوئر ٹوپہ سے بارہ کہو تک چلائی جا رہی ہے۔
سیکرٹری آر ٹی اے نے بتایا کہ 10 کوسٹر بسوں پر مشتمل شٹل سروس آج دوپہر سے جاری ہے، جن سیاحوں کی گاڑیاں برف سے نہیں نکالی جا سکتیں ان کو شٹل سروس کی مدد سے نکالا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
صوبائی حکومت کا پاک افغان دوستی بس سروس فعال کرنے کا فیصلہ
پاک فوج نے مری میں ریسکیو آپریشن شروع کردیا
سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ شٹل سروس ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی کی ہدایات پر شروع کی گئی ہے، تمام سیاحوں کو محفوظ جگہ پہ پہنچانے تک یہ سروس جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ آج صبح مری میں طوفانی برفباری کے دوران راستے بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنس گئے تھے جن میں سے اب تک 22 افراد سخت موسم کی وجہ سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
پاک فوج، ایف ڈبلیو او، رینجرز، پولیس، ایف سی اور ریسکیو اہلکاروں کے امدادی دستے مری میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔