ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں نیا شہر بن رہا ہے، وزیراعظم کا راوی اربن پراجیکٹ کا دورہ

حکومت نے کیس ٹھیک سے پیش نہیں کیا، نئے شہر بنانے کی ضرورت ہے ورنہ کراچی جیسے مسائل پیدا ہوں گے، وزیراعظم عمران خان۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ راوی اربن منصوبے پر حکومت نے کیس ٹھیک طریقے سے پیش نہیں کیا، ایسے منصوبے بنانے کی ضرورت ہے ورنہ کراچی جیسے مسائل شروع ہو جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان آج رکھ جھوک شیخوپوری پہنچے جہاں انہیں راوی ریور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی حکام نے منصوبے پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ یہاں جدید شہر کے ساتھ ساتھ گھنا جنگل بھی بنا رہے ہیں، راوی اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ 20 ارب ڈالر کا منصوبہ ہے جس سے بیرونی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

نسلہ ٹاور کیس میں اہم پیش رفت، سندھی مسلم سوسائٹی کے سابق اعزازی سیکریٹری گرفتار

کراچی، سابق میونسپل کمشنر گھر سے گرفتار، سونے کی اینٹیں برآمد

ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے نئے شہر بسانا ناگزیر ہے، شہروں میں توسیع ہوتی رہی تو گیس، بجلی اور پانی کی سہولتیں فراہم کرنا دشوار ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میہں بہت عرصے بعد اتنا بڑا پراجیکٹ بنایا گیا ہے، اسلام آباد کے بعد منصوبہ بندی کے تحت یہ دوسرا شہر بننے جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں جزیرے پر بھی نیا شہر بنانا چاہتے ہیں لیکن صوبائی حکومت رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے راوی اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کو کالعدم قرار دیا تھا، پنجاب حکومت نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر