نواز شریف کے حق میں کیوں بولے؟ سوشل میڈیا پر اداکار مانی کی ٹرولنگ

گذشتہ روز اداکارہ حرامانی کے اداکار شوہر نے نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا الیکشن ہوئے تو نواز شریف کو 90 فیصد ووٹ پڑیں گے۔

پاکستان کی جانی مانی اداکارہ حرا مانی کے شوہر اداکار سلمان ثاقب المعروف مانی نے کہا ہے اگر وزیراعظم صاحب اب عوام کو اجازت دے دیں کہ وہ تھوڑا گھبرا لیں۔

نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں میزبان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اداکار مانی کا کہنا تھا کہ "اب الیکشن ہوں گے تو نواز شریف 90 فیصد ووٹ لے جائیں گے۔”

یہ بھی پڑھیے

عشنا شاہ این سی ایچ آر کی سینیٹری ورکرز کیلئے خدمات کی معترف

رتیش اور جینیلیا کی نئی فلم مسٹر ممی کا پوسٹر جاری

اداکار مانی کے جواب پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سلمان ثاقب کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "میں آپ سے اتفاق کرتی ہوں۔”

اداکار مانی کے بیان کو مریم نواز کی جانب سے پذیرائی ملنے پر انصافیوں کا ایک جم غفیر ٹوئٹر پر جمع ہو گیا ہے اور انہوں نے حرامانی کے شوہر کی خوف ٹرولنگ کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما عرفان جیلانی نے اداکار مانی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "یہ وہ لوگ ہیں جو پہلے پی ٹی آئی میں تھے جب انہیں کسی نے منہ نہیں لگایا تو بھاگ گئے۔”

پی ٹی آئی کے سپورٹر امان محمد نے ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” غیر متعلقہ لوگ متعلقہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن منفی انداز میں، ویسے مانی کون ہے؟”

یونین کونسل کے سابق چیئرمین عبدالجلال الباسط نے اداکار مانی اور ان کی بیگم پر فقرہ چست کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” یہ دونوں "اداکار میاں بیوی” تو چند دن پہلے تک تو پی ایس پی میں شامل تھے اور کہتے تھے کہ "اگلے وزیراعظم مصطفیٰ کمال ہونگے” اب ایک دم نواز شریف کی طرف ہوگئے۔”

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اداکار مانی کے خلاف انتہائی بازاری اور اخلاقیات سے گری ہوئی زبان استعمال کی ہے جو کسی بھی صورت شیئر کرنے کے قابل نہیں ہے۔ برائے مہربانی سوشل میڈیا صارفین اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے جائز تنقید کریں۔

متعلقہ تحاریر