دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر سینیٹ میں بحث کی جائے، اپوزیشن کی تحریک التواء

ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر سینیٹ میں موجود حزب اختلاف کی جماعتوں نے تحریک التواء جمع کرا دی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے حالیہ حملوں کے واقعات سنگین نوعیت کے ہیں جن کے پاکستان پر اثرات کے پیش نظر ایوان کی معمول کی کارروائی ملتوی کرکے اس معاملے پر بحث کرائی جائے۔
تحریک التواء سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس پر اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز مشتاق احمد، ہدایت اللہ خان، تاج حیدر، کامران مرتضی، محمد اکرم، طاہر بزنجو اور دیگر سینیٹر کے دستخط بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
جیو اور بول نیوز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سینگ پھنسا لیے
پاک افغان بارڈر پر دہشتگردوں کا حملہ، 5 جوان شہید
تحریک التوا میں کہا گیا کہ پاک افواج اور شہریوں کو نشانہ بنانے والی دہشت گردانہ کارروائیوں میں حالیہ اضافہ باعث تشویش ہے، یہ مسئلہ ملک کے لیے قومی اور بین الاقوامی اہمیت کا حامل ہے، اس لئے اس معاملے کو فوری طور پر ایوان بالا میں اٹھانے کی ضرورت ہے۔