کراچی کنگز کی ہار کا سلسلہ جاری ، پشاور زلمی نے دھول چٹا دی

پی ایس ایل سیزن سیون کے اہم میچ میں زلمی نے جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا تھا جواب میں کنگز صرف 138 رنز بنا پائے۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیزن کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 55 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر مزید دو پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 194 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جواب میں کراچی کنگز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 138 رنز بنا پائی۔

یہ بھی پڑھیے

کمر کی انجری ، بوم بوم آفریدی پی ایس ایل 7 سے دستبردار ہو گئے

پال پوگبا بھارت میں حجاب پر پابندی کیخلاف، فرانس میں پابندی پر کیوں خاموش؟

کراچی کنگز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا تاہم دونوں بلے بازوں کی بیٹنگ میں اعتماد کا فقدان تھا ، شرجیل خان 16 گیندوں پر صرف 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم اور جو کلارک نے بیٹنگ کے سلسلے کو آگے بڑھایا تاہم دونوں بلے باز کھل کر کھیلنے میں بری طرح ناکام نظر آئے۔ جو کلارک بھی 26 گیندوں پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ محمد نبی کچھ بہتر کھیلے تاہم وہ 11 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان بابر اعظم سب سے کامیاب بلے باز رہے انہوں نے 46 گیندوں پر 59 رنز تو بنائے مگر قابل قدر شارٹس لگانے میں بری طرح ناکام رہے۔

آئین کوکبین نے 13 گیندوں کا سامنا کیا اور 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور سلمان ارشد نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عمر اور لائم لیونگ سٹون کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پشاور زلمی کے محمد حارث کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پشاور زلمی کی اننگز

اس سے قبل پشاور زلمی نے کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز اسکور کیے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز حضرت اللہ زازئی اور محمد حارث نے کی۔ دونوں بلے بازوں نے گراؤنڈ کی چاروں جانب شاندار اسٹروکس لگائے اور اسکور کو 97 رنز تک پہنچ دیا ۔ اس موقع پر محمد حارث 27 گیندوں پر 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔

پشاور زلمی کی دوسری وکٹ 114 اور تیسری وکٹ 122 رنز کے اسکور پر گر گئی۔ حضرت اللہ زازئی نے 42 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لیونگ سٹون نے 8 گیندوں پر 6 رنز اسکور کیے۔

پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ 167 کے مجموعی اسکور پر گری جب شعیب ملک 21 گیندوں پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ زلمی کی 5ویں 180 کے مجموعے پر گری ۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاری بین کٹنگ تھے جنہوں نے 15 گیندوں کا سامنا کیا اور 26 رنز اسکور کیے۔

پشاور زلمی کی چھٹی وکٹ 190 کے مجموعی اسکور پر گری۔

کراچی کنگز کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر کرس جورڈن رہے جنہوں نے 41 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ محمد نبی ، عمید آصف اور قاسم اکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

متعلقہ تحاریر