سیالکوٹ جیسے سانحات روکنے کیلیے قومی کمیشن کے قیام کی تجویز

احترامِ انسانیت سے متعلق آیات و احادیث مع ترجمہ مساجد، امام بارگاہوں، خانقاہوں اور تعلیمی اداروں میں آویزاں كی جائیں، اسلامی نظریاتی کونسل

اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ سیالکوٹ جیسے سانحات کے سدباب کے لئے قومی کمیشن تشکیل دیا جائے، كونسل كا اجلاس چیئرمین قبلہ ایاز کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ كسی شخص پر توہین مذہب، توہین قرآن یا توہین رسالت كا الزام لگا كر تشدد کرنا غیر شرعی، غیر انسانی اور غیر اسلامی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ تلمبہ، صوابی اور كہروڑپكا كے سانحات نہایت تشویشناک ہیں، اسلامی نظریاتی كونسل اور علمائے كرام كا یہ خصوصی اجلاس ان واقعات كی شدید مذمت كرتا ہے۔

مشتعل ہجوم كی طرف سے ایسا بہیمانہ تشدد نہ تو عقل كی كسوٹی پر پورا اترتا ہے اورنہ ہی مذہب كی تعلیمات كے موافق ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے مطالبہ کیا کہ سانحہ سیالكوٹ میں ملوث ملزمان كو جلد از جلد سزا دی جائے تاكہ عوام كاعدالتی و قانونی نظام پر اعتماد بحال ہوسكے۔

عدالتوں سے توہین رسالت كے حقیقی مجرمان اور قانون كو ہاتھ میں لینے والوں كو سزا نہ ملنا یا اس میں بہت زیادہ تاخیر ہونا عوامی ردعمل اور قانون كو ہاتھ میں لے كر پُرتشدد رجحانات كا باعث بن رہا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ احترامِ انسانیت اور حرمت جان و مال سے متعلق آیات و احادیث مع ترجمہ مساجد، امام بارگاہوں، خانقاہوں اور تعلیمی اداروں میں آویزاں كی جائیں۔

وقتا ً فوقتاً ان موضوعات پر گفتگو كركے عوامی ذہن كی اصلاح كی جائے اور غیر تحقیقی مضامین بیان كرنے اور جذباتیت سے احتراز کیا جائے۔

علماء كے ساتھ ذرائع ابلاغ بالخصوص ٹیلی ویژن پروگراموں میں ان آیات و احادیث پر گفتگو كیلئے اوقات مختص كیے جائیں۔

پیغام پاكستان كو پارلیمنٹ كے ایجنڈے كا حصہ بنا كر اسے مباحثہ كیلئے پیش كرنا قابل تحسین عمل ہے، صوبائی اسمبلیوں میں بھی اسے پیش کیا جائے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ مختلف قومی و بین الاقوامی اسباب و وجوہات کی وجہ سے مشرقی روایتی خاندانی نظام شکست و ریخت کا شکار ہوچکا ہے جسے بحال کرنے کیلیے اقدامات ناگزیر ہیں۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ ماہرینِ معاشرت، نفسیات ، قانون اور مذہب پر مشتمل قومی كمیشن قائم كیا جائے۔

یہ کمیشن ایسے واقعات كے انسداد كیلئے طویل مدتی اور قلیل مدتی تجاویز مرتب كرے تاكہ ان واقعات كا خاتمہ ممكن بنایا جاسكے۔

كمیشن قومی رویوں میں اصلاح كے لیے بھی تجاویز تیار كرے۔

متعلقہ تحاریر