مسجد وزیر خان کیس: صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواستیں مسترد
لاہور کی سیشن کورٹ نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی بریت کی درخواستیں خارج کر دی گئیں۔
لاہور: مسجد وزیر خان کیس میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی بریت کی درخواستیں خارج کر دی گئیں، سیشن عدالت لاہور نے انہیں فرد جرم کے لیے طلب کر لیا۔
سماعت کے دوران اداکار صبا قمر اور گلوکار بلال سعید اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
ان کے وکیل کا دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) 10 دن کی تاخیر کے بعد درج کی گئی ہے جبکہ محکمہ اوقاف پنجاب کی انکوائری میں ملزمان کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کا معاملہ، سیشن کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا
صحافی اطہر متین پر گولی چلانے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
وکیل نے کہا کہ اداکار صبا قمر اور گلوکار بلال سعید نے مسجد میں کوئی غیر اخلاقی حرکت نہیں کی، اور نہ ہی اس مقام پر کوئی رقص و موسیقی نہیں ہوا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد میں ڈانس کیا تھا اور ڈانس کی ویڈیو بھی موجود ہے۔
بریت کی مخالفت کرتے ہوئے پراسیکیوٹر کا مزید کہنا تھا کہ درخواست گزاروں نے مسجد میں رقص کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈانس کی ویڈیو استغاثہ کے پاس موجود ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزاروں کی بریت کی درخواستیں خارج کی جائیں اور استغاثہ کو ثبوت کے ساتھ اپنا مقدمہ قائم کرنے دیا جائے۔
بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسجد وزیر خان کی بے حرمتی کیس میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی بریت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انہیں 16 مارچ کو فرد جرم کے لیے طلب کر لیا۔