عمران خان سیاسی آدمی نہیں اس لیے گالیاں دے رہے ہیں، سید خورشید شاہ
وفاقی وزیر آبی وسائل کا کہنا ہے ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہیں مارچ کے دوران کوئی قانون ہاتھ میں لےگا تو اس سے قانون نمٹے گا۔
سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ میڈیا میں رہنے کے لیے کچھ لوگ گالیاں نکال رہے ہیں ان کے پاس مخالفین اور اداروں پر حملے کرنے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کیا ، سید خورشید شاہ کا کہنا تھا عمران خان سیاسی بندے نہیں اس لیے وہ غیر سیاسی باتیں کرتے ہیں اور اگر مارچ کے دوران کوئی قانون ہاتھ میں لےگا تو اسے قانون نمٹے گا۔
یہ بھی پڑھیے
بلدیہ کیماڑی اور غربی کی یوسیز پر اعتراضات کے بعد نئے ناموں کا نوٹی فیکیشن رک گیا
دریائے سندھ سے نہروں کو پانی کی فراہمی بند ، آبادگاروں کی صدائے احتجاج بلند
وفاقی وزیر آبی وسائل کا کہنا تھا عمران خان نے ملک میں چار سال کے دوران جو تباہی کی ہے وہ ایک ماہ میں بہتر نہیں ہوسکتی بہتری آنے میں کچھ وقت لگے گا، عمران خان کے الزامات پر کمیشن بننا چاہیئے تاکہ تمام معاملات واضح ہو جائیں۔
سید خورشید شاہ کا کہنا تھا عمران خان کی کارکردگی صفر ہے اس لیے وہ جلسوں میں اپنی حکومت کی کارکرسگی بتا نہیں پا رہا ہےکیونکہ اس نے چار سال میں کوئی ایسا اچھا کام کیا ہی نہیں جس کے بارے میں وہ کچھ بتا سکے۔ اس کے پاس اب کوئی بیانیہ نہیں بچا ہے سوائے گالیوں کے۔
سید خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کے مارچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہیں مارچ کے دوران کوئی قانون ہاتھ میں لےگا تواسے قانون نمٹے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا ہماری سیاست کسی کو جیلوں میں ڈالنے کی نہیں ہے ہم انتقام نہیں چاہتے ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ میں وفاقی وزیر ہوں پھر بھی عدالت میں پیش ہورہا ہوں شیخ رشید جتنے بہادر ہیں سب کو پتہ ہے کچھ عرصہ قبل چھوٹی سی گڑ بڑ ہوئی تھی تو موٹر سائیکل پر بھاگ گیا تھا۔