کمالیہ: فلاحی تنظیم کے منصوبوں پر پنجاب حکومت کے بینرز آویزاں

میونسپل کمیٹی کمالیہ نے اللہ توکل دسترخوان کے زیراہتمام شہر بھر لگے واٹر کولرز پر پنجاب حکومت کے بینرز آویزاں کردیئے۔

بڑے منصوبوں سے شروع ہونے والی راویت چھوٹے چھوٹے فلاحی کاموں تک پہنچ گئی ، میونسپل کمیٹی کمالیہ نے پنجاب حکومت کے عوام کو ٹھنڈے پانی کی روڈز پر فراہمی منصوبے میں آسانی سے فلاحی تنظیم کے لگائے گئے کولرز پر اپنے پینا فلیکس لگا کر نمبرز پورے کر لیے ہیں جس پر فلاحی تنظیم کے ورکرز کی جانب شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

حکومت پنجاب کے احکامات کی فوری پیروی کے لیے مقامی میونسپل انتظامیہ نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے فلاحی تنظیم کی طرف سے لگائے گئے ٹھنڈے پانی کے کولرز پر اپنے پینا فلیکس لگا کر نہ صرف مختصر وقت میں کولرز کے نمبرز پورے کر لیے بلکہ پنجاب حکومت کو ماموں بناتے ہوئے میڈیا ہر بھرپور تشہیر بھی کر ڈالی۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ، متعدد اعلیٰ افسران تبدیل

پالتو جانوروں سے بےرحمی، سماجی کارکن کا دکانداروں کو سزا دینے کا مطالبہ

فلاحی تنظیم اللہ توکل دسترخوان چلانے والے ایم جی گوہر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا جن تکالیف سے گذر کر میں مخلوق خدا کی خدمت کر رہا ہوں بجائے اسکے کہ میری قدر کی جاتی میری محنت ہی مجھ سے چھین لی گئی۔

ایم جی گوہر کا کہنا تھا ہماری تنظیم کی جانب سے پورے کمالیہ شہر میں ٹھنڈے پانی کے 14 ٹینکس کا انتظام کیا گیا ہے ، اس کے برف کے اخراجات بھی عوام اپنی جیب سے دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح سے اللہ توکل دسترخوان کا یہ نظام اللہ کے فضل سے چل رہا ہے ، مگر افسوس کی بات ہے کہ حکومت پنجاب نے ہمارے ٹھنڈے پانی کے ٹینکس کے اوپر اپنے بینرز آویزاں کردیئے ہیں ، جو سراسر زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پنجاب نے ایسی کوئی کارکردگی دکھانی ہے تو ہم سے رابطے کرے ، میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے افسران سے اپیل کرتا ہوں یہ اللہ توکل دسترخوان کے ساتھ زیادتی ہے اس کا نوٹس لیا جائے۔

اس سلسہ میں میونسپل کمیٹی کے افسران کا موقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تو پتا چلا کہ چیف آفیسر لاہور چلے گئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر