’سندھ میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے فیصلے پر کسی کو اعتراض کا حق نہیں‘
نیوز 360 کو دیئے جانے والے انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلے پارٹی کے ہوتے ہیں اور لیڈرشپ ہی یہ فیصلے کرتی ہے۔ ایک کرکٹر ہونے کے ناطے عمران خان سے بہتر کون جانتا ہے کہ کسے کہاں کھلانا ہے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے تقرر کا فیصلہ عمران خان کا ہے اور اس پر کسی کو اعتراض کا کوئی حق نہیں۔ جبکہ صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات کا کہنا ہے کہ قائد حزب اختلاف کی تبدیلی سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی میں بے داغ کیریئر کے حامل شخص کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ممبر سندھ اسمبلی اور کراچی کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سندھ اسمبلی میں کس کو قائد حزب اختلاف بنائے گی اِس کا فیصلہ خود وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔
نیوز 360 کو دیئے جانے والے انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلے پارٹی کے ہوتے ہیں اور لیڈرشپ ہی یہ فیصلے کرتی ہے۔ ایک کرکٹر ہونے کے ناطے عمران خان سے بہتر کون جانتا ہے کہ کسے کہاں کھلانا ہے۔‘
خرم شیر زمان کے مطابق ’فردوس شمیم نقوی کو قائد حزب اختلاف بنانے کا فیصلہ بھی اکیلے عمران خان کا تھا اور اُن کی جگہ کسی اور کو بنانے کا فیصلہ بھی وہی کریں گے۔‘
یہ بھی پڑھیے
عمر کوٹ ضمنی انتخاب پی ڈی ایم کا پہلا امتحان
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’ہم میں سے کوئی شخص اِس پر بات نہیں کر سکتا لیڈرشپ کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے بھی اچھا کام کیا ہے اور اب حلیم عادل شیخ بھی اپنے آپ کو منوائیں گے۔‘
اُنہوں نے مذید کیا کہا تفصیلی انٹرویو سنیے۔
اُدھر پاکستان پیپلز پارٹی کے سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ٹوٹنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پی ڈی ایم ہے اور رہے گی۔‘
نیوز 360 کو دیے جانے والے انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ ’سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا تقرر حزب اختلاف کی جماعت کا اندرونی معاملہ ہے لیکن ایک قائد حزب اختلاف کو ہٹا کر دوسرے کو لگانے سے یہ سب نے دیکھ لیا ہے کہ پی ٹی آئی میں بے داغ لوگوں کی جگہ نہیں ہے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی پی ٹی آئی کے پرانے کارکن ہیں جنہوں نے قربانیاں دی ہیں لیکن اُنہیں کس طرح ہٹا دیا گیا ہے اور ایک نئے شخص کو اتنا اہم عہدہ دیا گیا ہے۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا حلیم عادل شیخ پر زمینوں پر قبضہ کرنے کے الزامات ہیں اور اُن کو ایک بے داغ کیریئر کے حامل آدمی کی جگہ لگایا گیا ہے۔
ناصر حسین شاہ کی تفصیلی گفتگو اِس انٹرویو میں سنیے۔