پی ٹی آئی کے نامزد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی کون ہیں؟
رانا ثناء اللہ کا دعویٰ ہے کہ مرزا آفریدی نے بطور سینیٹر 2018 میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی تھی۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے سینیٹر مرزا آفریدی کو نامزد کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بتایا ہے کہ ’سابق فاٹا کی سینیٹ میں نمائندگی کے لیے مرزا آفریدی کی نامزدگی کی گئی ہے۔‘
سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے عہدوں کے لیے جمعے کے روز 4 سینیٹرز مد مقابل ہیں۔ یوسف رضا گیلانی، صادق سنجرانی اور مولانا عبدالغفور حیدری کے برعکس ڈپٹی چیئرمین کے لیے نامزد حکومتی امیدوار مرزا محمد آفریدی پہلے کسی بڑے عہدے پر فائز نہیں رہے ہیں اور 3 برس سے سینیٹر ہونے کے باوجود کسی حد تک گمنام رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے مرزا محمد خان آفریدی کی نامزدگی کے حوالے سے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ’مرزا محمد خان آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی نشست کے لیے حکومتی امیدوار ہیں۔‘
Prime Minister Imran khan has nominated Senator Mirza Mohammad Afridi for Deputy Chairman Slot giving representation to Ex FATA PTI member.
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) March 11, 2021
مرزا محمد خان آفریدی کا تعارف
مرزا محمد خان آفریدی کا تعلق قبائلی علاقے فاٹا سے ہے جو اب خیبرپختونخوا میں ضم ہوچکا ہے۔ مرزا آفریدی 2018 میں آزاد حیثیت میں فاٹا سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ وہ 6 برس یعنی 2024 تک سینیٹر رہیں گے۔ یہ اُن آخری 4 سینیٹرز میں شامل ہیں جو فاٹا کی نمائندگی کررہے ہیں۔
فاٹا کی سینیٹ میں پہلے 8 نشستیں تھیں جن میں سے 4 نشستیں سینیٹر کی 6 سالہ مدت کی تکمیل پر فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے سبب ختم کردی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
گلگت بلتستان کرونا وائرس سے پاک ہوگیا
مرزا آفریدی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس کے چیئرمین اور ایف بی آر پالیسی بورڈ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
مزرا آفریدی پیشے کے لحاظ سے صنعت کار ہیں۔ انہیں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سینیٹر کلثوم پروین کے گذشتہ برس انتقال کے بعد چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر منتخب کیا گیا تھا۔
روزنامہ پاکستان کے مطابق سینیٹر مرزا آفریدی پشاور زلمی اور ہایئر صنعتی گروپ کے مالک جاوید آفریدی کے چچازاد بھائی جبکہ خیبرپختونخوا سے منتخب سینیٹر ایوب آفریدی کے بھی قریبی عزیز ہیں۔
رانا ثناء االلہ نے کہا تھا کہ مرزا محمد آفریدی نے مارچ 2018 میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی تھی۔ جبکہ تقریباً 5 ماہ بعد یہ خبریں آئی تھیں کہ انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
Senator Mirza Muhammad Afridi called on Prime Minister Imran Khan at Banigala and announced to join PTI, owner of Peshawar Zalmi cricket team @JAfridi10 and Minister for Defence @PervezKhattakCM also present at the occasion.#PMIK pic.twitter.com/sedeTiVjlc
— Showbiz & News (@ShowbizAndNewz) August 25, 2018
اب وزیر اعظم عمران خان نے مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے۔
سینیٹر مرزا محمد آفریدی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے انہیں امیدوار بنا کر فاٹا کے عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا۔