چنگچی رکشہ میں چائنیز، کونٹینینٹل اور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ

بڑے بڑے ریسٹورنٹس میں آپ نے چائینیز، کونٹینینٹل اور فاسٹ فوڈ کے بارے میں تو سنا ہوگا لیکن کراچی میں ایک ایسے شیف بھی موجود ہیں جو بڑے، معیاری اور نامور ریسٹورنٹس میں کام کرنے کے بعد اب اپنا چھوٹا سا چنگچی ریسٹورنٹ متعارف کروا چکے ہیں۔ اس چنگچی ریسٹورنٹ میں وہ تمام کھانے کم قیمت میں دستیاب ہیں جو بڑے ریسٹورنٹس میں مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔ 

محمد ہارون نے پاکستان کے مختلف شہروں میں واقع بڑے بڑے ریسٹورنٹس میں شیف کے طور پر کام کیا ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن کے بعد محمد ہارون ملازمت سے محروم ہوگئے تھے۔ بےروزگاری کے باعث انہوں نے کراچی کے علاقے محمود آباد میں ٹھیلے پر نوڈلز فروخت کرنا شروع کیں جس کے کچھ عرصے بعد ہی ایک چنگچی رکشہ میں ریسٹورنٹ کھول کر دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔

محمد ہارون تمام کھانے اپنے چنگنی ریسٹورنٹ میں براہ راست ہی پکاتے ہیں جن کے مصالحہ جات خود اپنے گھر میں تیار کرتے ہیں۔ انہوں نے چنگچی رکشہ میں گیس، پانی، بجلی اور چولہے کی تپش سے پیدا ہونے والی گرمی کے اخراج کا ایسا بندوبست کیا ہے جسے دیکھ کر انسان دنگ رہ جاتا ہے۔

یہ بھی دیکھیے

بہاولپور کا سیاسی ڈھابہ عوام کی توجہ کا مرکز

محمد ہارون اپنے چھوٹے سے چنگچی ریسٹورنٹ میں وہ تمام کھانے تیار کرتے ہیں جو بڑے ریسٹورنٹ اپنے گاہکوں کو پیش کرتے ہیں۔ بڑے، معیاری اور نامور ریسٹورنٹس میں کام کرنے کی وجہ سے محمد ہارون کے ہاتھ میں وہ ذائقہ ہے کہ کھانے والا اپنی انگلیاں چاٹتا رہ جاتا ہے۔

نیوز 360 نے شیف محمد ہارون کے اس چنگچی ریسٹورنٹ پر ڈجیٹل رپورٹ تیار کی ہے۔

متعلقہ تحاریر