اطالوی قونصل جنرل، سابق جرمن سفیر کے نقش قدم پر

کراچی میں اطالوی قونصل جنرل ڈینیلو گوردینیلا اوران کی اہلیہ نے عمر کوٹ میں لذیذ کھانے سے لطف اندوز ہونے کے بعد اونٹ کی سواری کے مزے لیے

 پاکستان کے صوبہ سندھ کی ثقافت نا صرف مقامی بلکہ غیر ملکیوں کو بھی اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب پاکستان میں تعینات اطالوی قونصل جنرل بھی سابق جرمن سفیر کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں۔ 

 بات ہو عمرکوٹ کی تو عمر ماروی سمیت کئی رومانوی داستانیں اس شہر کی تاریخ کا حصہ ہیں۔ مغل شہنشاہ جلال الدین اکبر کی جائے پیدائش بھی یہی ہے۔ جبکہ کئی صوفیاء کرام یہاں منوں مٹی تلے دفن ہیں۔

گزشتہ دنوں اطالوی قونصل جنرل اور ان کی اہلیہ نے سیاحت و ثقافت کو فروغ دینے کی غرض سے عمرکوٹ، مٹھی اور تھرپارکر کا دورہ کیا۔

اطالوی جوڑے نے رنگین دھاگوں سے تیار کردہ رلی پر بیٹھ کر کھانا کھایا۔ لذیذ کھانے سے لطف اندوز ہونے کے بعد دونوں نے اونٹ کی سواری کے مزے لیے۔

 موسیقی کے تڑکے کے بغیرثقافت کے رنگ اورسندھ  کا سفرادھورا کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ اطالوی قونصل جنرل اوران کی اہلیہ نے سروں کے جادوسے دلوں کے تار چھیڑنے والی مائی ڈھائی سے بھی ملاقات کی۔ جوڑے نے لوک گلوکار یوسف فقیر کی گلوکاری کی بھی داد دی۔

ڈینیلو گاردینیلا نے اکبر بادشاہ کے جائے پیدائش پر بھی حاضری دی۔ دونوں مہمان صوبائی وزیر ثقافت سید سردارعلی شاہ کی دعوت پرسندھ تشریف لائے تھے۔

صوبائی وزیر کے مطابق سندھ حکومت کو سیاحت کے شعبے میں اطالوی حکومت کی جانب سے تعاون حاصل ہے۔ وہ امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی ایسے کئی دورے منعقد کیے جائیں گے جن سے سندھ کی ثقافت کواجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ تحاریر