بائیڈن کی خواتین ٹیم اور فریکچر
اقتدار سنبھالنے سے پہلے ہی جوبائیڈن کے قدم لڑکھڑا گئے۔ نومنتخب صدر کے دائیں پاؤں میں فریکچر ہوگیا۔

امریکا کے نو منتخب صدر جوزف بائیڈن نے وائٹ ہاؤس کی پریس ٹیم کا اعلان کردیاہے۔ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوگا کہ وائٹ ہاؤس کی سینیئر کمیونیکیشن ٹیم صرف اور صرف خواتین پر مشتمل ہوگی۔
اس حوالے سے نو منتخب امریکی نائب صدر کمالا ہیرس نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پریس ٹیم کی تمام خواتین کی تصاویر عہدوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
خاتون اول کی کمیونی کیشنز ڈائریکٹر کے لیے’الزبتھ الیگزینڈر’ کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے کمیونی کیشنز ڈائریکٹر کے لیے ‘کیٹ بیڈنگفیلڈ’ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ‘ہلی ٹوبر’ نائب کمیونی کیشنز ڈائریکٹر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
نائب صدر کی کمیونی کیشن ڈائریکٹر کی پوسٹ کے لیے’ایشلے ایٹنی’ کا نام سامنے آیا ہے۔ جبکہ نائب صدر کی سینئر مشیر اور مرکزی ترجمان کے لیے ‘سیمون سینڈرز’ کو منتخب کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری ‘جین ساکی’ جبکہ نائب پریس سیکریٹری ‘کیرن جین پیری’ ہوں گی۔
View this post on Instagram
کمالا ہیرس نے پوسٹ میں مزید لکھا کہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے عوام کے ساتھ ایمانداری سے بات چیت کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیے
منتخب امریکی نائب صدر کھانا پکانے کی شوقین
دوسری طرف اقتدار سنبھالنے سے پہلے ہی جو بائیڈن کے قدم لڑکھڑا گئے اور وہ گر گئے۔ نومنتخب صدر کے دائیں پاؤں میں فریکچر ہوگیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق یہ ایک معمولی نوعیت کا فریکچر ہے۔ تاہم بائیڈن کو کچھ ہفتوں تک واکنگ بوٹ کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
واضح رہے کہ جو بائیڈن ہفتے کو اپنے پالتو کتے کے ساتھ کھیلتے ہوئے پھسل گئے تھے اور ان کا ٹخنہ مڑگیا تھا۔