کراچی میں ملزم نے چاقو کے وار سے باپ اور بیٹوں کو زخمی کردیا
پولیس کے مطابق ملزم ریٹائرڈ ایئر کموڈور کا بیٹا ہے جو اس سے قبل اپنی اہلیہ پر بھی حملہ کر چکا ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک ملزم نے باپ اور 2 بیٹوں کو چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کردیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
یہ واقعہ کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایک ہاؤسنگ اسکیم میں پیش آیا ہے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ملزم کو چاقو کے وار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایک سکیورٹی گارڈ بیچ بچاؤ کرانے کی ناکام کوشش کرتا ہوا نظر آرہا ہے۔
بدھ کی شب پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زخمی باپ اور دونوں بیٹوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جو سڑک کے بیچ میں لہولہان پڑے ہوئے ہیں اور اٹھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوان معظم خان کی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں انہوں نے کہا ہے کہ ’گذشتہ رات میں گھر پر موجود تھا کہ باہر سے شور شرابے کی آواز سنائی دی جبکہ علاقے کے ایک رہائشی ملک نوید نے بتایا کہ ابراہیم درانی نے ان کے گھر کے باہر شور شرابہ کیا۔‘
معظم خان نے مقدمے میں کہا کہ ’میرے سمجھانے پر ابراہیم درانی نے گالیاں دیں اور مجھ پر چاقو کا وار کیا۔ ملزم نے بیچ بچاؤ کرانے والے میرے دونوں بیٹوں پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں ہم تینوں زخمی ہوگئے۔‘
یہ بھی پڑھیے
سندھ پولیس کے افسر کا پیپلزپارٹی اور ڈاکوؤں میں رابطوں کا الزام
پولیس کے مطابق ابراہیم درانی ریٹائرڈ ایئر کموڈور کا بیٹا ہے جو اس سے قبل اپنی اہلیہ پر بھی حملہ کر چکا ہے۔ ملزم کے والد کو بیان کے لیے طلب کیا تھا جس کے بعد نہیں جانے دیا ہے تاہم ابراہیم درانی فرار ہے جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔