قانون سازوں کی کھلے عام قوانین کی خلاف ورزیاں
وفاقی وزیر اور گورنر سندھ کے خلاف اب تک کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ہے۔
پاکستان میں قانون سازوں کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور وہ اُس میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کھلے عام ملکی قوانین کی خلاف ورزی کرکے عوام کو تنقید کرنے کا موقع فراہم کردیا ہے۔
پاکستان میں شہریوں کا ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنا اور آئے روز خلاف ورزیاں کرنا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے لیکن حیران کن بات تو یہ ہے کہ ہمارے قانون سازوں نے اس حوالے سے کوئی مثال قائم کرنے کے بجائے خود کھلے عام ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنی نگرانی میں ایک بچے سے گاڑی چلواتے دکھائی دے رہے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ وہ دوران سفر فخر سے خود بچے کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔
صارفین کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ 9 سالہ بچہ علی امین گنڈا پور کا صاحبزادہ ہے تاہم اس حوالے سے انہوں نے خود کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے رہنما کا کھلے عام قانون کی خلاف ورزی کرنا افسوسناک ہے جبکہ اس جرم پر اب تک ایکشن نہ لیا جانا اس سے بھی زیادہ افسوس کی بات ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سیاستدانوں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات
دوسری جانب اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور وزراء نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ان کی سالگرہ کے موقعے پر پارٹی دی۔ سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیں۔ دونوں تصاویر میں شیشہ بھی رکھا ہوا دکھائی دیا جس پر ملک بھر میں پابندی عائد ہے۔
Celebrating Governor @ImranIsmailPTI’s birthday with @PTIofficial friends in Islamabad.
Wishing him many happy returns of the day IA. pic.twitter.com/7FwLPouwW2
— Senator Saifullah Khan Nyazee (@SaifullahNyazee) March 28, 2021
سوشل میڈیا صارفین محفل میں شیشے کی موجودگی کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
Hamara shisha band kar kay khud lagay way ho. .
— Raza Hassan (@RazaSHassan) March 28, 2021
سوال تو یہ ہے کہ ملکی وزراء ہی اگر ملکی قوانین پر سختی سے عمل درآمد نہیں کریں گے تو عوام کو ان سے کیا سیکھنے کو ملے گا؟ ملک میں یکساں قانون کے نفاذ کا وعدہ کرکے اقتدار میں آنے والے وزیر اعظم عمران خان کے لیے یہ ایک سنہرا موقع ہے کہ وہ کوئی ٹھوس اقدام اٹھائیں اور عوام کی نظروں میں سرخرو ہوں۔