عام انتخابات سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی عوامی رابطہ مہم

چیئرمین پیپلزپارٹی کراچی کے بعد اندرون سندھ کے دورے پر ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے عام انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اندرون سندھ کے دورے پر ہیں جہاں سے وہ اب جنوبی پنجاب جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر پیپلزپارٹی نے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی پی 5 روزہ سندھ کے دورے پر ہیں۔ بلاول  بھٹو زرداری  مقامی پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے علاوہ کارنر میٹنگز میں بھی شریک ہورہے ہیں۔

یہ  بھی  پڑھیے

شبلی فراز اور صوبائی وزراء کی سگریٹ نوشی کی ویڈیو وائرل

بلاول بھٹو زرداری نے اب  تک بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، نوابشاہ، سکھر اور خیرپور کا دورہ کیا ہے۔ مختلف مقامات پرچیئرمین پیپلزپارٹی کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں ریلیوں کی شکل میں جلسہ گاہ تک پہنچایا گیا۔


اندرون سندھ کے بعد بلاول بھٹو 2 ستمبر سے جنوبی پنجاب کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ پارٹی رہنماؤں کو مزید فعال انداز میں کام کرنے کے لیے ٹاسک بھی دیں گے۔

پیپلزپارٹی کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر رہنماؤں کی سربراہی میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ بلاول کے دورہ جنوبی پنجاب کو حالیہ ملکی سیاست میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پی  ڈی  ایم سے علحیدگی کے باعث پیپلزپارٹی کوئی سیاسی طاقت کا مظاہرہ نہیں کر رہی تھی، ایسے میں بلاول بھٹو زرداری کی عوامی رابطہ مہم پی ڈی ایم رہنماؤں کے علاوہ حکومت کے لیے بھی پریشان کن ہے۔


تجزیہ نگاروں کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی کا دورہ جنوبی پنجاب ملکی سیاست میں اہم تبدیلی لا سکتا ہے۔ ملتان یا بہاولپور میں پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین یا ان کے کسی ساتھی کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوسکتی ہے۔
سیاسی تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی رابطہ مہم کے ذریعے انتخابات کی تیاری کرنے والے پہلے سیاستدان بن گئے ہیں۔ اب دیکھنا ہوگا کہ ان کے حریف بھی میدان میں اترتے ہیں یا پھر وہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی اور میدان میں کریں گے۔

متعلقہ تحاریر