چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے کم پر کام نہیں کروں گا، شعیب اختر
سابق فاسٹ باؤلر نے کہا ہے کہ اگر پی سی بی کا ہیڈ بن گیا تو ادارے کو 500 بلین کا ادارہ بنا دوں گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر ہلکے میں نہیں آرہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی سے کم کسی عہدے پر کام نہیں کروں گا۔
گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شعیب اختر نے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ کچھ عرصہ قبل جب مصباح الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تو بورڈ نے انہیں ہیڈ کوچ بنانے کی آفر دی تھی تاہم انہوں نے عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:انڈیا نے اسکاٹ لینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا
آسٹریلیا کرکٹ بورڈ نے اپنے ملک میں دورہ افغانستان منسوخ کردیا
نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ ٹاپ رہنے کا خواب دیکھا ہے ۔ اگر بورڈ میں کسی عہدے پر کام کیا تو وہ چیئرمین پی سی بی سے کم نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں چیئرمین پی سی بی بن گیا تو کرکٹ بورڈ کو کمرشل بنا دوں گا۔ شعیب اختر نے کہا اگر ان کے پاس پالیسی میکنگ کا اختیار نہیں تو پھر وہ کسی عہدے پر کام کرنے کو ترجیح نہیں دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گذشتہ 20 سالوں کے دوران ملکی کرکٹ کرپشن کی نظر رہی ۔ پاکستان کے پاس اچھے آل راؤنڈرز اور اسپنرز ہیں مگر ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
ملکی سیاست کے سوال پر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں میاں صاحب کی عزت کرتا ہوں مگر میرے ہیرو عمران خان ہیں۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر میں چیئرمین پی سی بی بن گیا تو اس ادارے کو 500 بلین کا ادارہ بنا دوں گا، اب میرے دماغ میں یہ بات بیٹھ گئی ہے اب میں یہ کام کرکے دکھاؤں گا۔