سپریم کورٹ نے تجوری ہائٹس کو گرانے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا
چیف جسٹس گلزار احمد نے اپنے فیصلے میں لکھا عملدرآمد نہ کرنے پر تجوری ہائٹس انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں قائم تجوری ہائٹس کو چار ہفتوں میں گرانے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قائم تجوری ہائٹس کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے گرانے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ فیصلہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے تحریر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سپریم کورٹ کے حکم پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری
سندھ ہائی کورٹ کا ایک اور رہائشی عمارت کی چوتھی منزل گرانے کا حکم
جسٹس گلزار احمد نے اپنے تحریری فیصلہ میں لکھا ہے کہ تجوری ہائٹس کو گرانے کا وقت 29 اکتوبر 2021 سے شروع ہوگا۔ عمارت کو گرانے اور ملبہ اٹھانے کی نگرانی کمشنر کراچی خود کریں گے۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ عمارت کو انہدام کرنے سے قبل تجوری ہائٹس کی انتظامیہ تمام بکنگ فائلیں اور اہم کاغذات نکال لیں۔ بکنگ فائلیں کمشنر کراچی اقبال میمن کی موجودگی میں نکالی جائیں۔
تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہےکہ کمشنر کراچی اقبال میمن تمام فائلوں کی بکنگ انونٹری بنائیں گے۔ انونٹریز میں بکنگ کرانے والوں کے مکمل پتے اور حسابات درج کیے جائیں گے۔ انونٹریز مکمل کرکے کمشنر کراچی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔
فیصلے کے مطابق تجوری ہائٹس کی انتظامیہ 4 ہفتوں میں عمارت کو گرا کر اور اس کے ملبے کو صاف کرنے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ تجوری ہائٹس کی انتظامیہ بکنگ کرانے والے افراد کو تین ماہ کے اندر معاوضے کی ادائیگی کرے گی۔ تجوری ہائٹس انتظامیہ اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ عملدرآمد نہ کرنے پر تجوری ہائٹس انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔