کترینہ کیف اور وکی کوشل شادی کے بندھن میں بندھ گئے
شادی کی تقریب راجستھان میں منعقد ہوئی جس میں قریبی رشتےدار، دوست اور چند شوبز شخصیات بھی شریک تھیں۔
بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی آج شادی ہوگئی، شادی کی تقریب راجستھان میں منعقد ہوئی جس میں قریبی رشتےدار، دوست اور چند شوبز شخصیات بھی شریک تھیں۔
پچھلے کئی ماہ سے دونوں ادکاروں کی شادی کی خبریں گردش میں تھیں جس کی انہوں نے کبھی تردید کی اور نا تائید، میڈیا کو شادی کی تقریبات سے دور رکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
بالی ووڈ لوو برڈز نے اپنی شادی کے نشریاتی حقوق کتنے کروڑ میں فروخت کیے؟
مریم نواز کی بیٹے کی شادی پر سیاسی تبصرہ نگاری سے گریز کی اپیل
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وکی اور کترینہ کیف نے کبھی کسی بالی ووڈ فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا ہے اس لیے یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ دونوں میں کب، کہاں، کس موڑ پر محبت ہوئی اور اس شدت سے ہوئی کہ شادی کرکے ہی دم لیا۔
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ وہ فلمی اداکار جنہوں نے ایک ساتھ کسی فلم میں کام کیا ہو ان کی آپس میں کیمسٹری اس قدر اچھی ہوجاتی ہے کہ وہ جیون ساتھی بننے کا ارادہ کرتے ہیں لیکن وکی اور کترینہ کا معاملہ مختلف رہا۔
صرف بالی ووڈ میں ہی دیکھ لیں تو سیف علی خان اور کرینہ کپور، جینیلیا ڈی سوزا اور رتیش دیش مکھ، ٹوئنکل کھنہ اور اکشے کمار، ایشوریا رائے اور ابھیشک بچن، کاجول اور اجے دیوگن اور کئی دیگر اداکاروں نے اپنے ساتھ فلم میں کام کرنے والے اداکاروں سے ہی شادی کی۔
بہرکیف، اب وکی کوشل اور کترینہ کیف ہمیشہ کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا ارادہ کرچکے ہیں، سلمان خان اور رنبیر کپور کو مسترد کرنے کے بعد کترینہ کیف نے وکی کوشل کو اپنے جیون ساتھی کے طور پر منتخب کیا ہے اور ہم سب کو ان کے انتخاب کا احترام کرنا چاہیے۔