وکلا نے پی ایس ایل میچز کی نشریات کیلیے معاہدہ قانون کے مطابق قرار دے دیا

پی سی بی اور پی ٹی وی کے وکلا کی پریس کانفرنس، پی سی بی نے نشریاتی حقوق فروخت کرنے کیلیے نیلامی کی، جیو نے بولی میں حصہ نہیں لیا۔

پی سی بی نے پی ایس ایل 7 کے نشریاتی حقوق کے حوالے سے پی ٹی وی اور اے آر وائی سے معاہدہ کر لیا ہے، شائقین کرکٹ اب پاکستان سپر لیگ کے سیزن 7 کے میچز پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔

پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق کے معاملے پر سرکاری ٹی وی کے وکیل احمد پنسوتا اور پی سی بی کے وکیل تفصل رضوی نے نیوز کانفرنس کی۔

یہ بھی پڑھیے

ماہرہ اس سال بھی پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر

پی ایس ایل 7، ویکسین کارڈ دکھائیں اور اسٹیڈیم میں میچ دیکھیں

وکیل پی سی بی نے بتایا کہ پی ایل ایل نشریاتی حقوق کے لیے 23 دسمبر کو بولیاں لگائی گئیں، پیپرا رولز کے مطاب سب سے زیادہ بولی کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کرنا ہوتی ہیں اور پھر 15 دن بعد معاہدہ طے پاتا ہے۔

وکیل پی ٹی وی نے کہا کہ ہم نے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی 16 دسمبر کو معاہدے پر دستخط کیے تھے لیکن پی ٹی وی اور اے آر وائی سے معاہدے کے خلاف ایک ہی دن میں دو پٹیشن فائل کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ جیو ٹی وی ایسی رپورٹنگ کر رہا ہے کہ جیسے ہم نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے لیکن ایسا نہیں ہے، عدالت نے جو تفصیلات طلب کی تھیں وہ ہم نے جمع کروائیں۔

تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ دستخط ہوچکے ہیں، اب اے آر وائی اور پی ٹی وی کے پاس نشریاتی حقوق ہیں، اے آر وائی جس طرح چاہے انہیں استعمال کرسکتا ہے، جیو اپنی غلط رپورٹنگ سے منفی باتیں پھیلا رہا ہے۔

احمد پنسوتا نے کہا کہ اب یہ کیس عوامی مفاد میں سنا جا رہا ہے کیونکہ درخواست گزار نے تو کوئی بولی لگائی ہی نہیں تھی، جیو نے بولی ہی نہیں دی تو وہ متاثرہ فریق نہیں ہے اور وہ عدالت سے رجوع بھی نہیں کرسکتا۔

متعلقہ تحاریر