سیالکوٹ کے تاجروں نے پریانتھا کمارا کی بیوہ کو ایک لاکھ ڈالر بھیج دیئے

وزیراعظم عمران خان نے کاروباری برادری کا شکریہ ادا کیا، مقتول سری لنکن شہری کی بیوہ کو 10 سال تک دو ہزار ڈالر ماہانہ بھی دیئے جاتے رہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے سیالکوٹ کی کاروباری شخصیات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی بیوہ کو ایک لاکھ ڈالر بھیجے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر مہینے بیوہ خاتون کو 2 ہزار ڈالر کی رقم بھی بھیجی جائے گی جو کہ 10 سال تک جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ پچھلے مہینے سیالکوٹ میں واقع راجکو انڈسٹریز کے سری لنکن مینیجر پریانتھا کمارا کو توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

سیالکوٹ، مشتعل افراد نے توہین مذہب کے الزام میں غیرملکی مینیجر کو قتل کردیا

سیالکوٹ کی کاروباری شخصیات نے غیرملکی شہری کے قتل کی مذمت کردی

فیکٹری ملازمین انہیں تشدد کر کے باہر تک لائے اور بعد ازاں اس ہجوم میں دیگر ملزمان بھی شامل ہوئے جنہوں نے تشدد کر کے پریانتھا کو قتل کر دیا تھا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک لاکھ ڈالر کی رقم مقتول پریانتھا کی بیوہ کو بھیجی جا چکی ہے۔ انہوں نے اس ٹرانزیکشن کے دستاویزی ثبوت بھی شیئر کیے۔

خیال رہے کہ گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے دو ہفتے قبل 85 ملزمان کا 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا تھا، قتل کے الزام میں 100 سے زائد افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر