کورونا کیسز میں اضافہ، قومی اسمبلی کے سیکرٹریٹ کے اوقات کار تبدیل
ضروری عملے کو آفس لانے اور لے جانے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ٹرانسپورٹ سیل کے نئے پلان کے مطابق ٹرانسپورٹ سروس جاری رہے گی۔
کووڈ 19 وبائی مرض کی پانچویں لہر کے پھیلاؤ اور کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اوقات کار اور سرگرمیوں میں تبدیلیاں کردی گئیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسمبلی کےدفتری اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے تحت سیکرٹریٹ کا دفتری وقت صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ہو گا۔
یہ بھی پڑھیے
سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مرتضیٰ وہاب
سندھ ہائیکورٹ کا غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم
اسمبلی اجلاس جاری رہنے کی صورت میں عملہ سیکرٹریٹ میں موجود رہے گا، ضروری عملے کو بلوانے کا فیصلہ برانچ، ونگ یا ڈائریکٹوریٹ کا انچارج افسر کرئے گا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام عملے کو مراسلے کے ذریعے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فون کال، وٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے رابطے میں رہیں گے۔
سیکرٹریٹ کو ضرورت پڑنے پر آدھے گھنٹے کے نوٹس پر عملے کو آفس طلب کیا جا سکتا ہے، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں عملے کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اپنی ٹیسٹ کی رپورٹ قومی اسمبلی کے شعبہ عملہ میں متعلقہ افسران کے پاس جمع کرائیں۔سیکرٹریٹ کے عملے کو آفس کے دوران ماسک پہننے، ہاتھ نہ ملانے اور ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضروری عملے کو آفس لانے اور لے جانے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ٹرانسپورٹ سیل کے نئے پلان کے مطابق ٹرانسپورٹ سروس جاری رہے گی۔