کوہ پیما لٹل کریم علاج کیلیے رونالڈو کی شرٹ نیلام کرنے پر مجبور

حکومت کی جانب سے علاج معالجے کے اخراجات برداشت نہ کرنے پر لٹل کریم کے بیٹے نےاپنے والد کو ملنے والی کرسٹیانو رونالڈو کی دستخط شدہ شرٹ نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے
یورپ میں پاکستان کی پہچان لٹل کریم اپنوں کی توجہ کا منتظر
کوہ پیما شہروز کاشف کا ایک اور کارنامہ، گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام شامل
لٹل کریم کے بیٹے محمد حنیف نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ میرے والدصاحب بیمار ہیں اور ان کے علاج معالجے او ردوائی پر ماہانہ 10سے 12 ہزار روپے خرچہ آتا ہے۔
محمد حنیف نے مزید کہا کہ” اس وقت ہم شدید مشکل میں ہیں،میں 2 سال سے بیروزگار ہوں ،اب میں گھر چلاؤں، والد صاحب کی دوائی کے اخراجات برداشت کروں یابچوں کی فیس پورا کروں “۔
محمد حنیف نے مزید بتایا کہ”والد صاحب کی کلائمبنگ اسکول قائم کرنے کی خواہش تھی جس کےآلات کی خریداری کیلیے میں نے گاؤں میں واقع اپنا گھر بھی فروخت کردیا ہے ،اب گاؤں میں میرے پاس گھر بھی نہیں ہے “
انہوں نے بتایا کہ والد صاحب کے علاج کیلیے میں کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے تحفے میں دی گئی اس کی دستخط شدہ شرٹ نیلام کررہا ہوں۔

یاد رہے کہ لٹل کریم نے 1980میں حادثاتی طور پر 8ہزار48میٹر بلند براڈ پیک سے بحیثیت پورٹر (بلند پہاڑی چوٹیوں پر کوہ پیماؤں کیلیے سامان پہنچانے والا) اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا تھا۔
اپنے کامیاب کوہ پیمائی کیرئیر کے بعد کریم نے گلگت بلتستان کی دور افتادہ وادیوں میں فلاحی منصوبے شروع کیے اور اسکول اور صحت کے مراکز کی تعمیر شروع کردی۔ کریم نے خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کیا، اب تک ان کے قائم کردہ اسکولز سے سیکڑوں لڑکیاں تعلیم مکمل کرچکی ہیں جبکہ ہزاروں طالبات مختلف کالجز اور یونیورسٹیز میں زیر تعلیم ہیں۔

یورپ بھر میں کریم کو کوہ پیمائی کے لیجنڈ اور گرو کے طور پر پہچاناجاتا ہے اور انہیں کئی مرتبہ یورپ بلا کر ایوارڈز اور اعزازات سے بھی نوازا جاچکا ہے جبکہ ان کے فلاحی کاموں کیلیے عطیات بھی دیے گئے ۔ مگر بدقسمتی یہ ہے کہ حکومت پاکستان نے انہیں کبھی کسی ایوارڈ سے نہیں نوازا ور نہ ہی انہیں قومی سطح پرپذیرائی بخشی۔









