علمائے کرام مذہبی ہم آہنگی کے لیے کردار ادا کریں، ڈپٹی کمشنر پاکپتن

احمر سہیل کیفی کا کہنا ہے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتی برادری کو بھی اپنے اپنے تہوار منانے کا حق حاصل ہے۔

ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمر سہیل کیفی کا کہنا ہے کہ فرقہ واریت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام مذاہب کے علمائے کرام فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کریں اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں، معاشرے کی بہتری کیلئے سنجیدہ طرز عمل اختیار کریں اور ایک دوسرے کے عقائد میں دخل اندازی سے اجتناب کریں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے ماہ رجب کے دوران مختلف تقریبات کے انعقاد کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کمالیہ گٹر کے پانی میں ڈوب گیا، شہریوں کا انوکھا اور خاموش احتجاج

انسداد پولیو مہم کو ہرصورت کامیاب بنائیں گے، ڈپٹی کمشنر پاکپتن

اجلاس میں اے سی پاکپتن شرجیل شاہد، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام حافظ غلام قطب الدین چشتی، مفتی زاہد اسدی، مولانا سردار علی سردار، قاری عبدالرزاق، سید مظہر حسین نقوی، سید عدنان رضا، سید اعجاز حسین شاہ، حاجی محمد احسان، سید ساجد بخاری، سید خالد حسین گیلانی، علی حسنین مسعود، جاوید سہوترا ایڈوکیٹ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو ماہ رجب کے دوران ہونے والی مختلف تقریبات اور دیگر مذہبی معاملات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی فضاء کو قائم کرنے کیلئے مثالی اقدامات کیے جائیں، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور یگانگت کو فروغ دیا جائے اور مذہبی منافرت کو ختم کیا جائے۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے تلمبہ واقعہ کی شدید مذمت کی، 13 رجب یوم ولادت حضرت علی اور 27 رجب کو شب معراج کے سلسلہ میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں سمیت تمام اقلیتی برادری کو بھی اپنے اپنے تہوار منانے کا حق حاصل ہے،عبادت گاہوں میں سیکورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے خاردار تاریں لگائی جائیں، تمام مسالک کے علمائے کرام اس سلسلہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ کسی بھی قسم کے ناگہانی واقعات رونما نہ ہوسکیں۔

احمر سہیل کیفی کا کہنا تھا کہ آئندہ ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس چرچ میں منعقد ہوگا اور فرقہ واریت کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے مرحلہ وار دیگر عبات گاہوں میں بھی ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوں گے۔

دریں اثناء تمام مذاہب کے علمائے کرام نے ضلعی انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ تحاریر