سینیٹر شیری رحمان کا آپریشن ردالفساد کے شہداء کو سلام
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ وہ شہدا پاک افواج کے لواحقین کو بھی سلام پیش کرتی ہیں۔ ہمیں پاکستان کو امن اور خوشحالی کی سرزمین بنانے کا عہد کرنا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے آپریشن رد الفساد کے پانچ برس مکمل ہونے پر پاک افواج کے شہداء کو سلام پیش کیا ہے۔
سینیٹر شیری رحمان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ آپریشن رد الفساد کی کامیابی میں پاک افواج کا خون شامل ہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں پاک افواج کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔
یہ بھی پڑھیے
آسٹریلوی ٹیم کا دورہ پاکستان، فواد چوہدری کی اپوزیشن کے احتجاج کے منصوبے پر تنقید
عالیہ حمزہ نے مریم نواز کے خلاف ایف آئی اے کو شکایتی خط لکھ دیا
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ وہ شہدا پاک افواج کے لواحقین کو بھی سلام پیش کرتی ہیں۔ ہمیں پاکستان کو امن اور خوشحالی کی سرزمین بنانے کا عہد کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرنا ہے، موجودہ دہشت گردی کے چیلینجز کو ہم سب نے مل کر نمٹنا ہوگا، خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پارلیمان اور عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سینیٹر شیری رحمان کا ایک اور بیان میں کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے والوں نے مہنگا پاکستان بنا دیا ہے جس میں غریب کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں،عوام اپوزیشن پارٹیزسے مطالبہ کر رہے کہ وہ اس نااہل حکومت سے ان کو چھٹکارا دلائیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی موجودہ حکومت کے خلاف عوامی مارچ کا آغاز کر رہی ہے جو پرامن ہوگا۔ ہم پارلیمان، عدلیہ اور پی ٹی وی پر حملوں پر نہیں بلکہ آئینی اور جمہوری طریقوں سے حکمرانوں کی تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں،
شیری رحمان نے کہا کہ لانگ مارچ ملک کے 23 اضلاع اور 35 شہروں سے گزرے گا، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں عوامی مارچ کا آغاز کراچی میں مزار قائد سے اتوار 27 فروری کو صبح 10 بجے سے ہوگا.
سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 8 مارچ پیر کو لانگ مارچ کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا اور عوامی قافلے مختلف گزرگاہوں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔