محمد آصف انڈین کیوئسٹ کو ناک آؤٹ کر کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پاکستان کے محمد آصف کا مقابلہ بھارت کے پنکج ایڈوانی سے تھا۔

دوحہ میں جاری انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف نے انڈیا کے پنکج ایڈوانی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

پاکستان کے دیگر دو کیوئسٹ محمد سجاد اور احسن رمضان نے بھی پری کوارٹر فائنل میں کامیابی حاصل کرلی ہے ، اس طرح پاکستان کے تینوں کھلاڑی ٹاپ ایٹ میں پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی مداح کی آسٹریلوی کھلاڑی سے کافی کی فرمائش

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم

آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ دوحہ میں جاری ہے۔ ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پاکستان کے محمد آصف کا مقابلہ بھارت کے پنکج ایڈوانی سے ہوا جس میں محمد آصف نے 2-4 سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے پہلے دو فریمز میں بالترتیب 50 اور 57 کے بریک کھیل کر صفر کے مقابلے میں دو کی برتری حاصل کی۔

تیسرے فریم میں انڈین کیوئسٹ پنکج ایڈوانی نے کم بیک کرتے ہوئے بہترین کھیل پیش اور اس فریم میں کامیابی حاصل کرلی۔

چوتھے فریم میں انڈین کیوئسٹ پنکج نے 94 کا بریک کھیل کر میچ برابر کر دیا۔

پانچویں فریم میں پاکستان کے محمد آصف نے پنکج ایڈوانی کو ایک مرتبہ شکست دے دی اور اپنی برتری کو مزید مضبوط کرلیا۔

چھٹے فریم میں انڈین کیوئسٹ پنکج ایڈوانی نے کلر بالز کو کلیئر کرنے کی کوشش کی تاہم براؤن گیند مس کر گئے جس کے بعد محمد آصف نے فریم کلیئر کر کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

دوسرے مقابلے میں پاکستانی کیوئسٹ محمد سجاد نے پری کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے چیونگ کاوائی کو 3-4 سے شکست دی۔

اسی طرح ایک اور میچ میں پاکستان کے کیوئسٹ احسن رمضان نے امریکا کے ریناٹ ڈنکا کو 2-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

کوارٹر فائنل میں محمد سجاد کا مقابلہ سری لنکا کے محمد طحہٰ ارشاد سے ہوگا جبکہ محمد آصف کا مقابلہ بحرین کے حبیب صباح سے ہوگا۔

اس کے علاوہ کوارٹر فائنل میں احسن رمضان کا مقابلہ مصر کے عبدالرحمان سے ہوگا۔

متعلقہ تحاریر