ورلڈ نمبر ایک ٹینس اسٹار ایشلی بارٹی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

واضح رہے کہ ایشلی بارٹی نے 2014 کے یو ایس اوپن کے بعد ٹینس سے غیرمعینہ مدت کے لیے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

آسٹریلیا کی بہترین اور موجودہ عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ایشلی بارٹی نے محض 25 سال کی عمر میں کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اب وقت آگیا ہے کہ میں اس کھیل سے دور ہو جاؤں اور اپنے دوسرے خوابوں کو پورا کروں۔‘‘

ایشلی بارٹی نے اپنی سابق ڈبلز گیم کی پارٹنر کیسی ڈیلاکوا کے ساتھ ، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھے بالکل یقین نہیں تھا کہ میں نے یہ فیصلہ کیسے لیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھیے

کم عمر ترین  اسنوکر چیمپیئن احسن رمضان نے کامیابی کا سہرا بہن کے سر باندھ دیا

جاوید میانداد باقاعدہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل

انہوں نے پیغام میں مزید کہا ہے کہ ’’یہ کہنا مشکل ہے ، کہ میں بہت خوش ہوں اور میں بہت تیار ہوں۔ میں صرف اس وقت صرف یہ جانتی ہوں کہ میرے دل نے یہ فیصلہ ٹھیک کیا ہے۔‘‘

ایشلی بارٹی ٹینس کی موجودہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی ہیں ، ڈبلیو ٹی اے کی درجہ بندی کے مطابق ایشلی بارٹی دوسری آسٹریلوی خاتون ہیں جنہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے اس سے قبل یہ اعزاز ایوننے گولاگونگ کالے کے پاس تھا۔

ایشلی بارٹی نے اب تک تین گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل جیت رکھے ہیں۔ انہوں نے فرنچ اوپن 2019 میں اپنی مخالف سرپرائز شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔ ومبلڈن اور آسٹریلیا اوپن کے ٹائٹل بھی ایشلی بارٹی کے پاس ہیں۔

ایشلی بارٹی مسلسل تین سال تک دنیائے ٹینس کی نمبر ایک خاتون ٹینس اسٹار قرار پائیں۔ یہ اعزاز کی ان کی ٹینس کے کھیل کے ساتھ مستقل مزاجی کی عکاسی کرتا ہے۔اس ریکارڈ نے ایشلی بارٹی کو کرس ایورٹ، مارٹینا ناوراتیلووا، سٹیفی گراف، اور سرینا ولیمز کی صف میں کھڑا کردیا ہے۔

ایشلی بارٹی اور کوکو وینڈی کی جوڑی نے 2018 میں یو ایس اوپن وومنز کا ٹائٹل جیتا تھا۔ عالمی رینکنگ کے مطابق یہ جوڑی اس وقت 5 ویں نمبر کی جوڑی تھی۔

2021 میں انہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں مکسڈ ڈبلز میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا ، ٹوکیو اولمپکس میں ایشلی بارٹی کے ساتھی پلیئر آسٹریلوی کھلاڑی جان پیئرز تھے۔

خوبصورت شکل و صورت کی مالکہ ایشلی بارٹی کو 2020 میں ینگ آسٹریلین آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ ایشلی بارٹی نے 2014 کے یو ایس اوپن کے بعد ٹینس سے غیرمعینہ مدت کے لیے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے کرکٹ کےکھیل کو جوائن کرلیا تھا اور خواتین کی بگ بیش لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کی تھی۔

متعلقہ تحاریر