پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کسی چیلنج سے کم نہیں ، ایڈم زمپا
ایڈم زمپا کا کہنا تھا ہماری موجودہ ٹیم بہت زیادہ ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اس لیے آنے والی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز ہمارے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہو گی۔
آسٹریلوی ٹیم کے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف منگل سے شروع ہونے والی ون ڈے انٹرنیشنل (او ڈی آئی) سیریز کسی بھی طور پر آسان نہیں ہو گی ، ٹیم آسٹریلیا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
جمعہ کے روز لاہور میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے 115 رنز سے کامیابی حاصل کرکے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 1-0 سے اپنے نام کی تھی ۔
ایڈم زمپا کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک اور گلین میکسویل جیسے ریگولروں کھلاڑیوں کی کمی محسوس کریں گے – یہ سب ایک روزہ سیریز میں متعدد وجوہات کی بناء پر اسکواڈ کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے
کُہنی کی انجری، آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ وائٹ بال میچز سے باہر
فرانسیسی فٹبالر کے گھر چوری، چور ورلڈکپ میڈل بھی لے اڑے
ان پریشانیوں کے ساتھ ساتھ سینئر بلے باز اسٹیو اسمتھ بھی کہنی کی چوٹ کی وجہ سے محدود اوورز کی سیریز سے ٹیم آسٹریلیا کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
تاہم ایڈم زمپا کا کہنا ہے کہ یہ وہ وقت ہے جب ہم کو ایک بہتر اسکواڈ بنانے موقع ملے گا۔
اتوارکے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈم زمپ کاکہنا تھا کہ ایک مشکل لمحہ شروع ہونے والا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نظر آنے والے اسکواڈ میں شان ایبٹ اور بین میک ڈرموٹ شامل ہیں، جو دونوں دو ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں ، کیمرون گرین کے پاس بھی ون ڈے کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے۔ ڈیبیو کرنے والے بین ڈوارشوئس، ناتھن ایلس، جوش انگلیس اور مچل سویپسن شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا پیٹ کمنز ،ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے گذشتہ دو سالوں کے دوران تینوں فارمیٹ میں خوب کرکٹ کھیلی اب انہیں آرام کی ضرورت ہے۔ اس لیے کبھی کبھار ایسا مشکل وقت بھی آجاتا ہے۔
ایڈم زمپا کا کہنا تھا ہماری موجودہ ٹیم بہت زیادہ ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اس لیے آنے والی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز ہمارے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہو گی ۔ مگر ہم پرامید ہیں کہ ہم کامیاب ہوں گے۔ "اگر ہم ناتجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ سیریز جیت گئے تو یہ واقعی ایک اچھا احساس ہوگا۔”