عمران خان کے جاتے ہی رمیز راجہ کا بھی عہدے سے دستبرداری کا امکان
پی ٹی آئی کی حکومت سے منسلک پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑی بڑی تبدیلیوں کا امکان بڑھ گیا ہے
ملک میں ہونے والی سیاسی تبدیلی کے بعد عمران خان کی حکومت سے تعلق رکھنے والے تمام حکومتی عہدیدار ریڈار پر آگئے ہیں اور ان کے لیے ممکن نہیں ہوگا کہ وہ اپنے عہدے برقرار رکھ سکیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کے راج کے اختتام کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
سابق کپتان عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد پی سی بی میں بھی ایک بے یقینی سی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت سے منسلک پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑی بڑی تبدیلیوں کا امکان بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اپنے عہدے سے الگ ہونے کا ذہن بنا چکے ہیں، رمیز راجہ سی ای او اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کے ہمراہ آئی سی سی میٹنگز کے لئے دبئی میں موجود ہیں، جہاں آج آئی سی سی میٹنگز کا آخری دن ہے۔
یہ بھی پڑھیے
رمیز راجہ بھی رضوان اور بابر اعظم کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے
رمیز راجہ جونیئر ورلڈکپ کیلیے ٹیم کا انتخاب خود کریں گے
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ رمیز راجہ نے اپنے عہدے سے دستبرداری کےلئے اپنے قریبی دوستوں سے مشاورت بھی مکمل کر لی اور رمیز راجہ دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد اپنے مستقبل کا اعلان کر سکتے ہیں۔
11 اپریل سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران پی سی بی میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیوں کا قوی امکان ہے، ان ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی سی بی کے مقرر کردہ افراد کا مستقبل بھی روشن نہیں۔ اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلیاں ہوں گی، جبکہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔ عمران خان اب وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نہیں رہے۔ پینل آف چیئر ایاز صادق نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ آئے اور یہ کثرت رائے کے ساتھ منظور ہوئی۔