تحریک انصاف کا لانگ مارچ چند ہفتوں کی دوری پر
اسلام آباد میں لانگ مارچ کی کال دوں گا اور آپ نے اس وقت تک میرے ساتھ رہنا ہے جب تک الیکشن کا اعلان نہیں کیا جاتا
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چند ہفتوںمیں لانگ مارچ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ غلامی کی زندگی گزارنی ہےیا ایک آزاد ملک کی طرح ترقی کرنا ہے ، آپ نے اس وقت تک اسلام آباد میں میرے ساتھ رہنا ہے جب تک نئے انتخابات کا اعلان نہیں ہوجاتا۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں تحریک انصاف کے 24 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنان اور ہمدردوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں آج سے چھبیس سال قبل میں نے اپنے چند دوستوں کے ساتھ مل کر نظریے پاکستان کے اسلامی فلاحی ریاست کے اصولوں پر تحریک انصاف کی بنیاد رکھی گئی تھی جس کا مقصد تھا کہ ایک خودار پاکستان جو کسی کا غلام نہیں ہو اور ہمارے مقاصد میں شامل سب سے اہم یہ کہ دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کی عزت ہو۔
یہ بھی پڑھیے
تحریک عدم اعتماد رکوانے کیلیے عمران خان نے کوئی پیغام نہیں بھیجا تھا
عمران خان پر توجہ نہ دینے کا بیان ، اداکار زاہد احمد کا ریحام خان کو کرارا جواب
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے حوالے سے قوم کے لیئے خصوصی پیغام۔#MarchAgainstImportedGovt pic.twitter.com/Bc5BPmm0oM
— PTI (@PTIofficial) April 25, 2022
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمار ا مقصد اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل تھا جس میں کمزور طبقات کو مضبوط بنا نا تھا قانون کی بالادستی تھی ، انھوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہاں طاقتور اور کمزور کے لئے ایک ہی قانون نا ہو ۔
عمران خان نے کہا کہ چودہ سال تک ہمیں کسی نے سنجیدگی سے لیا ہی نہیں، قومی اسمبلی میں میرے پاس صرف ایک سیٹ تھی لیکن پر 30 اکتوبر 2011 سے ہماری پارٹی کے لئے خدا نے لوگوں کے دلوں کو موڑ دیا اور 2018 میں ہمیں حکومت مل گئی ۔اپنی حکومت میں پوری کوشش کی کہ طاقتور کو قانون کے دائرے میں لیکر آئیں، ہم نے وہ منصوبے شروع کیئے جو ہم سے پہلے کبھی کسی نے نہیں شروع کیئے تھے ، پاکستان میں غریبوں کو ہیلتھ انشوریس کا کوئی تصور نہیں تھا ہم نے غریبوں کے لئے ہیلتھ کارڈ متعارف کرائے ۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں مسئلہ یہ درپیش ہوا کہ ملک کی اس ترقی ان چوروں سے دیکھی نہیں گئی اور یوں ملک کے طاقتور مافیاں ہمارے خلاف اکھٹے ہوئے اور بیرونی مداخلت اور سازش کے تحت ہماری حکومت کو گرادیا ۔ آج افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ حکمران جو گذشتہ تیس سالوں سے ملک کو لوٹ رہے تھے آج ایک بارپھر ہمارے ملک پر حکمرانی کررہے ہیں ۔
انھوں نے بتایا کہ اس وقت ملک کے وزیراعظم اور ان کے بیٹے پر چالیس ارب روپے کی بدعنوانی کا الزام ہے ،یہ اب اس تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے پر بیٹھ گئے ہیں جنہوں نے مقصود چپڑاسی کے کردار کو پکڑا تھا سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج میرے پیغام کا مقصد حقیقی آزادی کےلئے ہے جس کے لئے آپ سب لوگوں کو اپنی گلی محلوں میں نکلنا ہے۔
یہ فیصلہ کن وقت ہے کہ کیا ہم اب غلامی کریں گے یا ایک آزاد ملک بن کر ترقی حاصل کریں گے لیکن یاد رکھیں کہ آزادی جدوجہد کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔عمران خان نے پاکستانیوں کو مخاطب کرتےہوئے کہا کہ تمام پاکستانی تیار ہوجائیں چند ہفتوں میں اسلام آباد میں لانگ مارچ کی کال دوں گا اور آپ نے اس وقت تک میرے ساتھ رہنا ہے جب تک الیکشن کا اعلان نہیں کیا جاتا۔