ریلوے افسران کی نااہلی، رہائشی کالونیاں کچرے کے ڈھیر میں تبدیل

رہائشی کالونیوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ کچرے کے ڈھیر سے اٹھنے والے تعفن سے جلدی بیماریاں جنم لی رہی ہیں مگر حکام بالا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ہے۔

سکھر : محکمہ ریلوے کے افسران کی عدم توجہی، رہائشی کالونیاں کچرا کنڈی میں تبدیل، نکاسی آب کا نظام مفلوج، گندا پانی سڑکوں کی زینت بنے رہنا معمول، گندگی کے ڈھیر سے اٹھنے والے تعفن و بدبو سے علاقہ مکینوں کی زندگیاں متاثر، صفائی کا عملہ غائب، شکایات کے باوجود افسران نے مکمل طو رپر چشم پوشی اختیار کررکھی ہے، رہائش پذیر ہزاروں کی تعداد میں لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہے، کوئی پرسان حال نہیں، متاثرین نے ریلوے کے اعلیٰ افسران سے نوٹس لیکر صفائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے سکھر ڈویژن میں ملازمین کی رہائش کے لئے بنائی گئی کالونیوں میں صفائی کا نظام ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتا جارہا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صفائی و ستھرائی کرنیوالے عملے کی کثیر تعداد نے بعض افسران سے ملی بھگت کرکے اپنے فرائض سے منہ موڑ لیا ہے جس کی وجہ سے مختلف رہائشی کالونیوں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

لیاقت آباد کے ابلتے گٹر اور ٹوٹی پھوٹی گلیاں سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت

میہڑ میں آتشزدگی، غفلت برتنے پر ڈی سی ، ڈی ایچ او دادو اور اے سی میہڑ معطل

سکھر شہر میں واقع ریلوے کی انجن شیڈ کالونی، برما شیل ڈپو، ایوب گیٹ، ریلوے کالونی سمیت اطراف کے علاقوں میں کئی دن سے صفائی کاعملہ غائب ہے، گٹر و نالیاں بند ہوچکے ہیں، گندا پانی سڑکوں کی زینت بنا ہو اہے، لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جن سے تعفن و بدبو اٹھ رہا ہے، متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے صحافیوں کو بتایا کہ پہلے روزانہ صفائی کا عملہ آتا تھا اور کچرا اٹھاکر لے جاتا تھا مگر اب رمضان المبارک کے آغاز سے ہی صفائی کاعملہ غائب ہے، صفائی و ستھرائی کا کام کرنیوالے ملازمین افسران کے بنگلوں پر کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور جو ان کا اصل کام ہے اس سے منہ موڑ رکھا ہے، کئی ہفتے سے گند و کچرا صاف نہ ہونے سے کالونیوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہے اور کالونیاں کچرا کنڈی بن گئی ہے۔

تعفن و بدبو سے مختلف امراض پھیل رہے ہیں، متعلقہ افسران کو شکایات بھی کی گئیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے ڈی ایس ریلوے ودیگر اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر ریلوے کالونیوں میں صفائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنوایا جائے اور غفلت کے مرتکب افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔

متعلقہ تحاریر