مریم نواز میں عمران خان کی روح حلول کر گئی

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا ہے عمران خان تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے آصف علی زرداری سے این آر او مانگتا رہا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے لب و لہجے میں خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ "کل تک عمران خان کہتا تھا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی ، اب یہ کہہ رہا ہے کہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر میری حکومت ختم کردی۔”

مریم نواز کا کہنا ہے عمران خان کو پتا تھا جب مسلم لیگ ن کی حکومت آئے گی تو اس کی کرپشن کا کچا چٹھا کھل کر سامنے آجائے گا ۔ آخری وقت تک اقتدار سے چمٹا رہا کبھی اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑتا رہا کبھی آصف علی زرداری کے پاس اپنے دوست کو بھیجتا رہا ۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا ہے کہ میں چیلنج کرتی ہوں عمران خان سے کہو صرف ایک منٹ اپنی چار سال کی کارکردگی بتانے ، مگر اُس کے پاس بتانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، اس بندے کی کیا کارکردگی ہو گی جو اپنی حکومت کے باوجود 16 میں سے 15 ضمنی انتخابات ہار گیا۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم شہباز شریف نے بیوروکریسی میں اتھل پتھل شروع کردی

وزیراعظم کی طرف سے صحافیوں کو تیسرا افطار ڈنر

این اے 128 لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان آخری وقت تک کرسی سے چمٹا رہا اور این آر او مانگتا رہا ، پھر جب بات نہ بنی تو جھوٹے سازشی خط کا ڈرامہ لے لیا ، جب کارکردگی صفر ہو تو جھوٹے خط جیسا ڈرامہ رچانا پڑتا ہے ، پہلے 22 سال ورلڈ کپ لے کر پھرتا رہا اگلے 22 سال خط لے کر پھرتا رہے گا۔ ایک تھا کورونا وائرس ایک ہی رونا وائرس۔ خان صاحب رونا دھونا بند کر مردوں کی طرح مقابلہ کرو۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس الیکشن کمشنر کی عمران خان اپنے دور حکومت میں دن رات تعریفیں کیا کرتےتھے ، اب جب پتا چلا کے فارن فنڈنگ کیس میں ناقابل تردید ثبوت سامنے آنے والے ہیں تو اسی چییئرمین الیکشن کمیشن کو کہتا ہے کہ اس کو استعفیٰ دے دینا چاہتے۔ کیونکہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار ہو گیا ہے۔ جو بندہ اس کی چوری پکڑے ، اس کی کو آئینہ دکھائے اس کو یہ بندہ کہتا ہے کہ استعفیٰ دے کر گھر جائے۔

توشہ خانہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان کہتا ہے میری تحفے میری مرضی، نہیں بھائی یہ تمہارا خاندانی مال نہیں، تحفے بھی ریاست اور مرضی بھی ریاست کی، ریاست کو ملنے والے تحفے اس نے بازاروں میں جا کر بیچے، دوست ممالک کے تعلقات کو اس نے 18 کروڑ میں بیچ دیا، عمران تم نے تحفہ نہیں پاکستان کے تعلقات کو بیچا، جب عدالت نے جواب مانگا توکہتا ہے دوست ملک ناراض ہوجائیں گے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا عدالتیں بارہ بجے کیوں کھلیں؟ عدالتیں اس لیے کھلیں تم نے وزیراعظم آفس کوبنی گالہ سمجھ لیا تھا، تمہارے ذاتی ملازمین صدرمملکت، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، گورنر پنجاب نے آئین سے غداری کی، صدر عارف علوی پاکستان آپ کا ڈینٹل کلینک نہیں، اگرعمران کی نوکری کا اتنا شوق تو استعفیٰ دو اور گھرجاؤ، یہ ایک بار پھر اسلام آباد مارچ کا اعلان کررہا ہے، اٹھو، نوازشریف، شہبازشریف کا ساتھ دواوراس سے ملک بچاؤ۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 2018 میں جو مینڈیٹ چھینا تھا مبارک ہو ن لیگ والو آج ہم نے وہ مینڈیٹ واپس چھین لیا ہے۔ پنجاب کا مینڈیٹ ووٹ چور عمران خان نے چھینا تھا وہ مینڈیٹ آج پنجاب نے اس سے واپس چھین لیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا سیاست کا سب سے بڑا نوشرباز اور سب بڑا جھوٹا ، سب سے بڑا گیڈر ، دنیا کا سب سے بڑا سازشی عمران خان ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا "میں نے کہا تھا کہ تم نے جتنا اچھلنا ہے اچھل لو ، نواز شریف لمبی ریس کا گھوڑا ہے تمہیں ایسی جگہ مارے گا تمہیں بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ عمران خان کرکٹ کھیلوں سیاست تمہارے بس کی بات نہیں ہے۔ نہ سیاست تمہارے بس کی بات ہے اور نہ نواز شریف سے مقابلہ تمہارے بس کی بات ہے۔”

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ڈر رہا ہے کہ جب نواز شریف ملک میں واپس آئے گا تو میرا کیا بنے گا۔ میاں جدوں آوے گا لگ پتا جاوے گا۔ نواز شریف تو دور کی بات ہے ، تمہاری ٹانگیں تو شہباز شریف سے کانپ رہی ہیں۔ شہباز شریف اور عمران خان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، کہاں 12 بجے اٹھنے والا عمران خان اور کہاں صبح 5 بجے اٹھ کر کام پر لگ جانے والا شہباز شریف۔

مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان کہتا ہے کہ ملک میں جلد الیکشن کرائے جائیں ، عمران خان کس کو ڈرا رہے ہو ، ن لیگ الیکشن سے نہیں ڈرتی ہے کیونکہ عوام مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے ۔ یہ الیکشن اس لیے چاہتا تھا کہ اگر اس کی حکومت ختم ہو تو مسلم لیگ ن کی حکومت آئے۔

متعلقہ تحاریر