نوشہرہ کے آئل ڈپو میں آتشزدگی، متعدد آئل ٹینکرز راکھ کا ڈھیر بن گئے
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ کے بجھنے کے بعد پتا چلے گا کہ آگ لگنے کی کیا وجہ تھی ۔ ابتدائی طور پر کسی بھی کسی قسم کا بیان قبل ازوقت ہوگا۔
نوشہرہ: تاروجبہ آئل ڈپو کے قریب پرائیویٹ ڈپو اور غیر قانونی ڈمپنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی، کئی آئل ٹینکرز راکھ کا ڈھیر بن گئے، آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھتے ہی پھیل گئی۔
تفصیلات کے مطابق تاروجبہ آئل ڈیو کے قریب کھڑے ایک آئل ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر ٹینکرز کا بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کا عمل شروع کردیا ۔
یہ بھی پڑھیے
دادو میں امدادی سامان ہتھیانے والے 14 پولیس اہلکار نوکری سے برخاست
دوہرے قتل میں ملوث ایم پی اے فرار، 5 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گرمی اور ٹینکرز میں تیل کی موجودگی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے بروقت اپنی مدد آپ کے تحت کام کرتے ہوئے پورے علاقے کو خاکستر ہونے سے بال بال بچ لیا۔
علاقہ عمائدین نے میڈیا کو بتایا کہ جی ٹی روڈ پر واقع تاروجبہ آئل ڈپو کے قریب آئل مافیا اور سرکاری محکموں کی ملی بھگت سے علاقہ میں پرائیویٹ آئل ڈپو سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں ، اور آج تاروجبہ آئل ڈیپو کے قریب انتظامیہ کی غفلت ولاپرواہی سے پرائیویٹ تیل ڈمپنگ کے دوران اچانک آگ لگ گئی آگ بھڑک اٹھی۔
انہوں نے بتایا کہ آگ نے متعدد آئل ٹینکرز کو زد میں لے لیا۔ آگ کے شعلے اور کالے دھویں نے علاقہ میں قیامت صغریٰ ڈھادی اور علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اس دوران مقامی آبادی اور تاجران نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دے دی۔ مقامی آبادی نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی انتظامیہ اور امدادی ادارے بھی پہنچ کر آگ پر قابو پانے میں مصروف ہوگئے۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ کے بجھنے کے بعد پتا چلے گا کہ آگ لگنے کی کیا وجہ تھی ۔ ابتدائی طور پر کسی بھی کسی قسم کا بیان قبل ازوقت ہوگا۔