رستم زمان گاما پہلوان کا 144واں یوم پیدائش ، گوگل کے ڈوڈل کا زبردست خراج تحسین
برطانیہ میں رستم زمان کا ٹائٹل جیتنے والے غلام حسین المعروف گاما پہلوان کا 109 برس بعد بھی قائم ہے۔
پہلوانی کے میدان میں ناقابل شکست رہنے والے رستم زمان گاما پہلوان کا 144 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے ، گوگل کے ڈوڈل بھی نے گاما پہلوان کو زبردست طریقے سے خران تحسین پیش کیا ہے۔
غلام حسین المعروف گاما پہلوان 22 مئی 1878 کو متحدہ ہندوستان کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے تھے ، آج ان کا 144واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے جبکہ گوگل کا ڈوڈل بھی ان کے رنگ میں رنگ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اظہر علی نے انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں ناقابل شکست ڈبل سنچری بنا ڈالی
بھارتی باکسر نکہت زرین فلائی ویٹ کیٹیگری میں عالمی چیمپئن بن گئیں
گاما پہلوان نے صرف 10 برس کے عمر میں اپنے وقت کے نامی گرامی پہلوانوں کو دھول چٹا کر اپنی فتح کے جھنڈے گاڑے اور ہندوستان بھر میں شہرت حاصل کرلی ۔
گاما پہلوان نے پہلوانی کے میدان میں نام کمانے کے لیے 1910 میں برطانیہ کے تمام پہلوانوں کو چیلنج کیا اور شاہی پہلوان زیبیسکو کو شکست دے کر رستم زمان کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ،اور سونے کی بیلٹ کا خود کو حقدار ثابت کیا ۔
آج 109 کے برس کے بعد رستم زمان گاما پہلوان کا وہ اعزاز آج بھی قائم ہے۔ وطن واپسی پر اپنے دور کے چوٹی کے پہلوان رحیم بخش سلطانی والا کو شکست دی اور رستم ہند کا تاج اپنے سر پر سجایا۔
پنجاب کے امرتسر ضلع کے جبووال گاؤں میں پیدا ہوئے، گاما نے اپنے کیریئر کے دوران بہت سے ٹائٹل حاصل کیے، جن میں ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ (1910) اور ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ (1927) کے ہندوستانی ورژن شامل ہیں۔ یہاں تک کہ انہیں پرنس آف ویلز نے ہندوستان کے دورے کے دوران عظیم پہلوان کے اعزاز میں چاندی کی گدی بھی پیش کی تھی۔
گاما پہلوان کی خوراک میں روزانہ 15 لیٹر دودھ، 3 کلومکھن، بکرے کا گوشت، 20 پاﺅنڈ بادام اور پھلوں کی3 ٹوکریاں شامل ہوا کرتی تھیں،ان کا سارا خرچہ مہاراجہ پٹیالہ خود برداشت کرتے تھے۔ 40 پہلوانوں کے ساتھ کشتی کی تربیت ، 5 ہزار بیٹھک اور 3 ہزار ڈنڈ لگانا ان کا روز کا معمول تھا۔
تقسیم ہند کے بعد گاما پہلوان لاہور منتقل ہوگئے۔ زندگی کے آخری ایام میں بیمار ہوئے لیکن حکومت نے ان کے علاج میں خاص دلچسپی ظاہر نہ کی اور فن پہلوانی کا یہ روشن ستارہ82 برس کی عمر میں23 مئی 1960 کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ڈوب گیا، گاما پہلوان دنیائے پہلوانی کا ایک ایسا بادشاہ تھے جس کی جگہ آج تک کوئی نہیں لے سکا۔