پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ نائب کپتان کے فرائض شاداب خان انجام دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل (او ڈی آئی) میچز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، تمام میچز 8، 10 اور 12 جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔ میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے سلسلے میں کھیلےجارہے ہیں۔
سلیکٹر کے مطابق چونکہ یہ سیریز کسی منظم ایونٹ کا حصہ نہیں ہے اس لیے 21 کھلاڑیوں کے بجائے 16 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اگلے ماہ ہونے والے میچز کے اسکواڈ میں آصف آفریدی، آصف علی، حیدر علی اور عثمان قادر شامل نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
مانچسٹر سٹی نے ایک مرتبہ پھر انگلش پریمیئر لیگ جیت لی
اظہر علی نے انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں ناقابل شکست ڈبل سنچری بنا ڈالی
سلیکٹر کے مطابق ناک کی ہڈی کی سرجری کی وجہ سے سعود شکیل کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ، جبکہ قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ نائب کپتان کے فرائض شاداب خان ادا کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ یکم جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگا ۔ انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ کی وجہ سے انگلینڈ میں موجود کھلاڑی پریکٹس سیشن سے قبل وطن واپس پہنچ جائیں گے، کھلاڑیوں میں حارث رؤف، حسن علی، محمد رضوان اور شاداب خان شامل ہیں۔
ایک بیان میں چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ "چونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی کوالیفکیشن کا حصہ ہیں، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جیت کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کریں۔”
انہوں نے کہا کہ 50 اوورز کے فارمیٹ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو مزید مستحکم کریں گے ، امید ہے یہ گروپ اس پرفارمنس کو جاری رکھے گا جو اس نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں دی تھیں۔
آئی سی سی پلیئر رینکنگ کے ٹاپ 15 پوزیشنوں میں تین پر پاکستانی پلیئر براجمان ہیں جن میں سے بیٹنگ میں تیسرے نمبر پر امام الحق ، 12 ویں نمبر پر فخر زمان ہیں۔ باؤلرز میں شاہین شاہ آفریدی ساتویں نمبر پر ہیں۔
پاکستانی اسکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر/بلے باز)، محمد نواز، محمد نواز رضوان (وکٹ کیپر/بلے باز)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی اور زاہد محمود۔