نور عالم خان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نئے چیئرمین تعینات
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نور عالم خان کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن راجہ ریاض کو قائد حزب اختلاف لگائے جانے کے بعد ایک اور منحرف رکن نور عالم خان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر حسین کے استعفے کے بعد سے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی نشست خالی تھی ۔
واضح رہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف، راجہ پرویز اشرف، عامر ڈوگر اور ریاض فتیانہ بھی کمیٹی کا حصہ نہیں رہے۔
یہ بھی پڑھیے
معاشی محاذ پر ناکامی: کیا سیاسی محاذ پر اتحادی شہباز حکومت کو سپورٹ کریں گے؟
ایک کے بعد ایک صحافی کے خلاف مقدمات درج: ن لیگ اور بااختیار ادارے آمنے سامنے
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کی منحرف رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر کو بھی پی اے سی کا حصہ بنایا جائے گا۔
یہ قابل ذکر ہے کہ شیخوپورہ سے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے رانا تنویر حسین کو نومبر 2019 میں پی اے سی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا جب اس ماہ کے شروع میں شہباز شریف نے ان سے عہدے کا استعفیٰ لے لیا تھا۔
پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میں تقرری کے ساتھ ہی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کو فعال کردیا گیا، اور نور عالم خان کو نیا چیئرمین پی اے سی لگا دیا گیا ہے۔
پارلیمانی روایت کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پی اے سی کا چیئرمین بنتا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی والے پہلے ہی اجتماعی استعفے دے چکے ہیں، تاہم قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے استعفوں کی قسمت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکان اسمبلی نے اپنی اسمبلی رکنیت سے پارٹی کی پیروی نہیں کی ہے۔
جیسا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا اختیار تھا کہ وہ پی اے سی کی سربراہی کرے یا کسی اور کو پی اے سی کی سربراہی کے لیے نامزد کرے اور ذرائع نے دعویٰ کیا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نور عالم خان کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔