بختاور بھٹو کا نکاح کراچی میں مگر شادی کی تقریبات 4 مقامات پر
نکاح کی تقریب میں خاندان کے ساتھ ساتھ آصف زرداری اور بےنظیر بھٹو شہید کے قریبی ساتھی شریک ہوں گے۔
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور محترمہ بےنظیر بھٹو کی سب سے بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کا محمود چوہدری سے نکاح جمعے کی شام بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا۔
تقریب نکاح شام کے اوقات میں بلاول ہاؤس کراچی میں ہیلی پیڈ کے قریب گارڈن میں ہوگی جس کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔ نکاح میں خاندان کے ساتھ ساتھ آصف زرداری اور بےنظیر بھٹو کے قریبی ساتھی شریک ہوں گے۔ نکاح میں آفندی فیملی کے ساتھ اعتزاز احسن، یوسف رضا گیلانی اور ملک ریاض کی فیملی بھی شرکت کرے گی۔
اس حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ ‘تقریب کراچی کے علاوہ اسلام آباد، لاہور اور لاڑکانہ میں منعقد کی جائے گی۔ ہمیں افسوس ہے کہ کرونا کے باعث ایس او پیز کی وجہ سے شادی کی تقریبات میں زیادہ معزز افراد کو دعوت نہیں دے سکے۔’
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں حکومتی نمائندوں کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو مدعو کیا جائے گا۔ لاہور میں پارٹی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات کو بلایا جائے گا اور لاڑکانہ میں منعقد کی جانے والی تقریب میں جیالوں کے ساتھ ساتھ میڈیا کو بلایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
بختاور بھٹو کے لیے سال 2021 خوشیاں لے آیا
بلاول ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کو منعقد ہونے والی نکاح کی تقریب میں 300 افراد کو دعوت دی گئی ہے جن میں وزیر اعلیٰ سندھ بمعہ اہل و عیال، انتہائی قریبی دوست، پارٹی سینیٹرز اور چند ممبران قومی اسمبلی شرکت کریں گے۔
بختاور بھٹو اور چوہدری محمود کے خاص ڈیزائنر سے بنائے گئے شادی کے جوڑے بھی تیار ہوگئے ہیں۔ بختاور بھٹو نکاح میں سسرال کی طرف سے دیا گیا جوڑا زیب تن کریں گی۔
بدھ کے روز مہندی کی تقریب میں بختاور بھٹو نے اپنے ہاتھوں پر مہندی لگوا کر سوشل میڈیا پر تصویر جاری کی تھی۔ مہندی کی تقریب میں بلاول بھٹو کے ساتھ ساتھ خاندان کے خاص افراد شریک ہوِئے۔ آصف زرداری نے دولہے کی جانب سے شرکت ہونے والے مہمانوں کے ساتھ وقت گزارا اور مہمانوں کو بریانی، قورمے اور حلوے کے ساتھ مہندی کی تقریب کا کھانا کھلایا گیا۔
گزشتہ برس نومبر میں بختاور بھٹو کی محمود چوہدری کے ساتھ منگنی ہوئی تھی۔ اُس میں بھی قریبی رشتہ داروں اور دوست احباب نے شرکت کی تھی لیکن اُن کے اکلوتے بھائی بلاول بھٹو زرداری اُس میں شرکت نہیں کر پائے تھے کیونکہ اُن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا۔