مستقبل میں ٹوئٹس دیکھنے کے لیے رقم ادا کرنی ہوگی

ٹوئٹر کے سُپر فالوز فیچر کے تحت خصوصی مواد کے حصول پر سبسکرپشن چارجز عائد ہوں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے نئے فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ گلوکارہ میشا شفیع نے تو مداحوں سے انہیں سپر فالو کرنے کے بدلے پیسے مانگ لیے ہیں۔

ٹوئٹر کے سالانہ سرمایہ کاروں کے اجلاس کے دوران نئے فیچر لانے کے حوالے سے اہم اعلان سامنے آیا ہے۔ ٹوئٹر مستقبل میں 4 نئے فیچرز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ پہلا فیچر سپر فالوز، دوسرا کمیونیٹیز، تیسرا آٹو بلاک اور چوتھا میوٹ اکاؤنٹ ہوگا۔

سپر فالوز

ٹوئٹر کے سپر فالوز فیچر کے تحت ہائی پروفائل اکاؤنٹس کے شیئر کیے گئے خصوصی مواد کے حصول پر سبسکرپشن چارجز عائد ہوں گے۔ ٹوئٹر صارفین مشہور شخصیات کو ماہانہ رقم ادا کر کے ان کی جانب سے جاری کردہ خصوصی مواد حاصل کر سکیں گے جن میں نیوز لیٹرز اور بونس ٹوئٹس وغیرہ شامل ہوں گے۔

میشا شفیع نے سپر فالوز کے لانچ ہونے سے قبل ہی مداحوں سے انہیں فالو کرنے کے پیسے مانگ لیے ہیں۔

کمیونیٹیز

ٹوئٹر کا یہ فیچر فیس بک گروپ کی طرز پر مبنی ہے۔ کمیونیٹیز کے تحت صارف اپنے فالوورز کے گروپ کو مختلف موضوعات پر بات کرنے کی دعوت دے سکے گا۔

یہ بھی پڑھیے

ہواوے کی خلیجی ممالک میں مقبولیت سے سامسنگ مشکل میں

آٹو بلاک

ٹوئٹر جلد ہی ایک ایسا فیچر متعارف کرانے والا ہے جس سے صارفین سیفٹی موڈ پر جاسکیں گے۔ اس موڈ کو آن کرتے ہی ٹوئٹر خود بخود ان تمام اکاؤنٹس کو آپ کے لیے بلاک کردے گا جو ٹوئٹر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آپ کو تنگ کررہے ہوں گے۔ اس فیچر کے حوالے سے ٹوئٹر مستقبل میں مزید معلومات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

میوٹ اکاؤ نٹ

سیفٹی موڈ کے ذریعے ٹوئٹر ٹرولنگ کرنے والے افراد کے اکاؤنٹ کو میوٹ کردے گا یعنی ان اکاؤنٹس کی جانب سے کی جانے والی کوئی بھی نفرت انگیز بات صارفین تک نہیں پہنچ سکے گی۔

متعلقہ تحاریر