عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر پاکستان پر ہوگا؟
وزارت خزانہ کا کہنا ہے قیمتوں میں اضافہ وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
جہاں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے وہیں پاکستان میں اوگرا حکام نے قیمتوں میں بھاری اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے7پیسے اضافے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 19 روپے 61 پیسے اضافے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی مجوزہ قیمتوں کا تعین 30 روپے فی لیٹر لیوی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ فی لیٹر پیٹرول پر عائد لیوی 17 روپے 97 پیسے جب کہ فی لیٹر ڈیزل پر عائد لیوی 18 روپے 36 پیسے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے تاہم وزارت خزانہ حتمی فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے
شمالی مراکش میں اسٹرابیریز کی کٹائی کا موسم
عالمی منڈی میں کاروبار کے دوران ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کی قیمت 2.03 ڈالر کمی کے بعد 61.50 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
اس طرح سے عالمی منڈی میں کاروبار کے دوران برنٹ کروڈ آئل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ برنٹ کروڈ آئل کی قیمت 1.69 ڈالر کمی کے بعد 64.42 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔
پاکستان عالمی منڈی سے ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل اور برنٹ کروڈ آئل کا ایک بڑا خریدار ہے۔ مذکورہ دونوں اداروں کے تیل کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں تو پھر ایسا کیوں ہے کہ اوگرا مہینے میں دو مرتبہ قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کررہا ہے یہ ایک سوال ہے جس کا جواب آنا باقی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے پاکستان اپنی ضرورت کا بیشتر خام تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرتا ہے لیکن عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح اضافہ کیا جاتا ہے۔