پنجاب کے اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی رینکنگ جاری

اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرا پہلے نمبر پر رہے جبکہ فہرست میں لاہور کا کوئی آفیسر شامل نہیں۔

پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی جانچنے کے بعد رینکنگ جاری کردی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرا کو شاندار کارکردگی پر پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ لاہور کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی مایوس کن رہی۔

پنجاب حکومت نے اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک ایپ متعارف کروائی تھی جس میں افسران کی کارکردگی اور ان کے اٹھائے گئے اقدامات پر نظرثانی کی جاتی ہے۔ صوبائی حکومت کی طرف سے 143 اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق سابق سیکرٹری بلدیات شاہد ناصر راجہ کے بیٹے اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرا راجہ محمد حیدر شاندار کارکردگی دکھانے پر رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئے۔ فہرست میں اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا دوسرے، اسسٹنٹ کمشنر لیہ تیسرے، اسسٹنٹ کمشنر سمندری چوتھے اور اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی پانچویں نمبر پر رہے۔

یہ بھی پڑھیے

بلاول بھٹو اپنے آخری سیاسی قلعے کو بچانے کے لیے سرگرم

رپورٹ کے مطابق فیصل آباد سٹی کے اسسٹنٹ کمشنر چھٹے، اسسٹنٹ کمشنر لاوا ساتویں، اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں آٹھویں، اسسٹنٹ کمشنر تاندلیاں والا نویں اور اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر دسویں نمبر پر رہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق پنجاب کے شاندار کارکردگی دکھانے والے اسسٹنٹ کمشنرز کی فہرست میں صوبائی دارالحکومت لاہور کا کوئی بھی آفیسر شامل نہیں اور انہیں نچلی سطح پر ایف کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

اس حوالے سے سیکرٹری آئی اینڈ سی سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر تمام افسران کی کارکردگی کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لینے کے بعد رینکنگ جاری کی گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر